کروڑوں مسلمان حرم کی زیارت کیلئے بے تاب، عمرہ کی اجازت ملتے ہی چند گھنٹوں میں ریکارڈ افراد نے بکنگ کروالی

مکہ مکرمہ (پی این آئی) کروڑوں مسلمان عمرہ ادائیگی کیلئے بے تاب، چند ہی گھنٹوں میں ہزاروں افراد نے عمرے کے لیے اندراج کروا لیا، 10 روز کی بکنگ مکمل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس خدشات کے باعث کئی ماہ سے عمرے کی سعادت حاصل کرنے سے محروم کروڑوں مسلمان اب پابندی کے خاتمے

کے بعد عمرہ ادا کرنے کے خواہش مند ہیں۔سعودی حکومت کی جانب سے بذریعہ موبائل ایپ عمرہ ادائیگی کی بکنگ کا آغاز کیے جانے کے صرف چند گھنٹوں بعد ہی 10 روز کی بکنگ مکمل ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ چند ہی گھنٹوں میں 16 ہزار افراد نے عمرہ ادائیگی کیلئے بکنگ کروا لی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ عمرہ ادائیگی کا باقاعدہ آغاز 4 اکتوبر سے ہوگا۔ پہلا مرحلہ 4 اکتوبر 2020 سے شروع ہو رہا ہے جس کے تحت ہر روز 6 ہزار افراد عمرہ اد کریں گے۔ان افراد کو ایک ایک ہزار کے گروپ میں تقسیم کر کے عمرہ ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ ہر گروپ کو تین گھنٹے کے اندر اندر مناسکِ عمرہ مکمل کرنے ہوں گے، جس کے بعد دوسرے گروپ کی باری آئے گی۔ پہلے مرحلے میں سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن اور مقامی افراد کو عمرہ کی اجازت ہو گی۔ اس حوالے سے اہم شرط بھی عائد کی گئی ہے۔ وزیر حج و عمرہ نے کہا ہے کہ 18 سے 65 برس تک کے افراد کو عمرہ اجازت نامے جاری ہوں گے۔سعودی ذرائع ابلاغ کے وزیر حج و عمرہ نے کہا کہ ’عمرہ اجازت نامے 18 سے 65 برس کے افراد کو جاری ہوں گے اس کے لئے کوئی فیس نہیں ہو گی۔ انہو ں نے کہا کہ سعودی قیادت کی ہدایات کے مطابق ہنگامی صحت حالات میں عمرہ ادا کرنے والوں کو تمام سہولتیں مہیا کی جائیں۔سعودی وزیر حج کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں جانے کے لیے اعتمرنا نامی ایپ پر بکنگ ضروری ہوگی۔اس کے بغیر کسی بھی شخص کو حرم شریف میں جانے نہیں دیا جائے گا۔ ہمارا مقصد عمرہ زائرین اور مسلمانوں کی صحت و سلامتی کا تحفظ ہے۔ اسے ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ بیرونی حاجیوں کی آمد اور واپسی میں سہولت پیدا کرنے کے لیے سپیشل ٹریک قائم کیا ہے۔ وزارت صحت نے ایسے ممالک کی فہرست جاری کردی ہے جن کے باشندے عمرہ ادا کرنے کے لیے آ سکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں