اسلام آباد(پی این آئی ) احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر فرد جرم عائد کردی۔احتساب عدالت اسلام آباد میں میگا منی لانڈرنگ کیس کیس سماعت ہوئی جس سلسلے میں آصف زرداری عدالت میں پیش ہوئے،
اس موقع پر ان کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر میگا منی لانڈرنگ کیس میں فرد جرم عائد کی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔کیس کے ایک اور ملزم اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے اور ان کی حاضری لگائی گئی، عدالت نے انور مجید پر بھی اسی کیس میں فرد جرم عائد کی تاہم انور مجید نے صحت جرم سے انکار کردیا۔عدالت نے انور مجید کے صاحبزادے عبدالغنی مجید پر کمرہ عدالت میں فرد جرم عائد کی اور ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا۔عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد کیے جانے کےبعد گرفتار ملزمان حسین لوائی اور طحہ رضا کے وکلا کو چارج شیٹ کی کاپی دی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیسوں اور 3 کرپشن ریفرنسز میں آصف زرداری کی درخواستیں خارج کر کے فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا تھا۔احتساب عدالت کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کو جعلی اکاونٹس ریفرنسز میں بری نہیں کیا جاسکتا۔دوسری جانب آصف زرداری نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس کا ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا اور دونوں ریفرنسز میں بریت کی استدعا کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں