انصاف دینے والے ادارے میں عام شہری ذلیل اور خوار ہونے لگے، گھنٹوں بٹھا کر اگلی تاریخ دے دی جاتی ہے

اسلام آباد(پی این آئی)انصاف دینے والے ادارے میں عام شہری ذلیل اور خوار ہونے لگے، گھنٹوں بٹھا کر اگلی تاریخ دے دی جاتی ہے۔وفاقی محتسب ریجنل آفس کراچی میں شکایت کنندہ سائلین کو خوار کیاجانے لگا۔ صبح دس بجے بلا کر پانچ بجے بتادیا جاتا ہے کہ متعلقہ محکمے کا افسر نہیں آیا، چار دن بعد پھر آجانا۔ذرائع کے

مطابق وفاقی محتسب ریجنل آفس کراچی عوام کی شکایات کے ازالے اور فراہمی اںصاف کے بجائے الٹا عذاب بن گیا ہے۔مختلف سرکاری محکموں کے ستائے ہوئے لوگ اپنی داد رسی کے لیے وفاقی محتسب کے دفتر سے رجوع کرتے ہیں جہاں پر موجود ذمے داران انہیں پیشی کےلیے تاریخ دے دیتے ہیں، سائلین صبح نو بجے آکر بیٹھ جاتے ہیں اور انتظار کرتے ہیں کہ متعلقہ محکمے کا افسر کب آئے گا۔ آٹھ گھنٹے انتظار کرنے کے بعد انہیں جواب دیا جاتا ہے کہ متعلقہ محکمے کا افسر آج نہیں آسکتا لہذا آپ اگلی پیشی پر آجانا۔وفاقی محتسب آفس میں دادرسی کے لیے آئے سائلین نے بتایا کہ وہ درجنوں چکر لگاچکے ہیں کہ متعلقہ محکمے بالخصوص کے الیکٹرک اور بی آئی ایس پی کے افسران وفاقی محتسب کے ادارے کو خاطر میں نہیں لاتے۔شکایت کنندگان نے بتایا کہ متعقلہ اداروں کے افسران اگر آتے بھی ہیں تو بغیر تیاری آتے ہیں اور کہا جاتا ہے کہ اگلی پیشی پر لائیں گے، ایسا ایک بار نہیں کئی کئی بار ہوتا ہے۔عوام نے حکومت اور وفاقی محتسب اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ ریجنل آفس کراچی کی غفلت اور لاپرواہی کا نوٹس لیتے ہوئے چیک اینڈ بیلنس کا نظام وضع کریں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں