فوج کی سلیکشن ٹھیک نہیں ہے، شیخ رشید کے بیان نے آگ لگا دی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ فوج کی سلیکشن ٹھیک نہیں ہے، ناکارہ، نکھٹو لوگوں کو منتخب کر لیتی ہے، نواز شریف کو وزیر ایکسائز بننے سے قبل کوئی نہیں جانتا تھا، ملاقاتوں والا معاملہ ختم کر رہا ہوں لیکن اگر کسی نے غلط بات کی تو پھر سے سب کو ایکسپوز کر دوں گا۔ تفصیلات

کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگر اپوزیشن رہنماوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔وزیر ریلوے نے کہا کہ نواز شریف کو وزیر ایکسائز بننے سے قبل کوئی نہیں جانتا تھا، انہیں سامنے لانے میں فوج بھی ذمے دار ہے۔ فوج کی سلیکشن ٹھیک نہیں ہے، ناکارہ، نکھٹو لوگوں کو منتخب کر لیتی ہے۔جبکہ بلاول مجھ سے متعلق زیادہ باتیں نہ کرے، اس کی والدہ اگر زندہ ہوتی تو اسے بتاتیں کہ شیخ رشید کون ہے۔ وزیر ریلوے کا مزید کہنا ہے کہ خفیہ ملاقاتوں کا معاملہ اب ختم کرنے جا رہا ہوں، مجھے اور بھی بہت کام ہیں، لیکن اپوزیشن والے اپنی حرکتوں سے باز نہ آئے تو پھر سب کو ایکسپوز کر دوں گا۔اپوزیشن والوں کے پاس تو کوئی کام نہیں ہے یہ فارغ لوگ ہیں، لیکن میری مصروفیات زیادہ ہیں مجھے اور بھی بہت کام کرنے ہوتے ہیں ہر وقت ملاقاتوں کی کہانیاں بیان نہیں کر سکتا۔ لیکن اگر اپوزیشن والے پھر بھی فضول باتیں کرنے سے باز نہ آئے تو میں روزانہ نہ سہی لیکن دوسرے روز ان کی باتوں کا جواب ضرور دوں گا۔ اب اس بندے کی اہمیت ہے جسے ٹی وی پر دیکھا جاتا ہے، اور ٹی وی پر مجھ سے زیادہ کسی کو ٹی وی پر نہیں دیکھا جاتا۔ابھی ملاقاتوں کا ذکرکیا، ٹیلیفون ڈیٹا آؤٹ کیا توقیامت آجائے گی، میں مودی یا را کا ایجنٹ نہیں فوج کا ترجمان ہونے پر فخر ہے، یہ تو قمر جاوید باجوہ ہے، میں چاہوں تو مشرف کا ڈیٹابھی کھول سکتا ہوں، میرے حلقے میں جی ایچ کیو، 10کور ، ایئرفورس ہیڈکوارٹر ، 12عسکریاں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں