اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ سے اسلامو فوبیا سے لڑنے کا عالمی دن منانے کا مطالبہ کردیا، انہوں نے کہا کہ انڈیا میں حکومتی سرپرستی میں اسلامو فوبیا کو فروغ دیا جارہا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75 ویں سالانہ اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم
عمران خان نے کہا کہ یہ عالمی وبا ہمارے لیے بہترین موقع تھی کہ انسانیت کو قریب لایا جاتا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا بلکہ آپس کی نفرتوں میں اضافہ ہوا اور اسلامو فوبیا کو عروج ملا۔ دنیا بھر میں ہمارے مزارات تباہ کیے گئے ، نبی کریم ﷺ کی توہین کی گئی، قرآن پاک کو جلایا گیا، حال ہی میں چارلی ہیبڈو نے توہین آمیز خاکے جاری کیے، یہ سب کچھ آزادی اظہار رائے کے نام پر کیا جارہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اسلامو فوبیا سے لڑنے کے عالمی دن کا اعلان کرے۔وزیر اعظم عمران خان نے انڈیا میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ایک ملک ایسا ہے جہاں حکومتی سرپرستی میں اسلاموفوبیا کو فروغ دیا جارہا ہے، یہ ملک انڈیا ہے جہاں آر ایس ایس کی آئیڈیالوجی چل رہی ہے، آر ایس ایس کی بنیاد رکھنے والے افراد نازیوں سے متاثر تھے، آر ایس ایس مسلمانوں اور عیسائیوں کی دشمن ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ انڈیا صرف ہندوؤں کا ہے۔1992 میں آر ایس ایس نے بابری مسجد کو شہید کیا، 2002 میں گجرات میں 2 ہزار مسلمانوں کو مودی کی سربراہی میں شہید کیا گیا، آسام میں 2 ملین مسلمانوں کو شہریت کے متنازعہ قانون کی وجہ سے خطرات لا حق ہیں، مسلمانوں پر کورونا وائرس پھیلانے کا الزام لگایا گیا ، انہیں طبی امداد دینے سے منع کیا گیا اور ان کے ساتھ تجارت کا بائیکاٹ کیا گیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا میں جاری ہندو توا پالیسیوں کا نشانہ 30 کروڑ لوگ ہیں جن میں مسلمان ، عیسائی اور دوسری اقلیتیں شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں