پاکستان کی سلامتی، خود مختاری اور سالمیت کے خلاف کسی بھی خطرے کا موثر جواب دینے کیلئے تیار ہیں ، جنرل قمر جاوید باجوہ کا ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج جہلم کے دورہ پر خطاب

راولپنڈی (آئی این پی )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ، پاک فوج خطے میں ابھرتے ہوئے چیلنجز اور خطرات سے آگاہ ہے ، ہم پاکستان کی سلامتی، خود مختاری اور سالمیت کے خلاف کسی بھی خطرے کا موثر جواب دینے کیلئے تیار ہیں ، ہماری اندرونی اور بیرونی چیلنجز پر مکمل توجہ ہے، ہماری

توجہ مکمل طور پر ملکی دفاع پر مرکوز ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج جہلم کا دورہ کیا، آرمی چیف نے جدید ترین صلاحیتوں کے حامل ٹینک وی ٹی فور کی جنگی مہارت کا معائنہ کیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چائنیز اوریجن کے تھرڈ جنریشن مین بیٹل ٹینک وی ٹی فور کو اسٹرائیک فارمیشنز میں شمولیت کے بعد دشمن پرحملوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمر پروٹیکشن، فائر پاور اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے وی ٹی فور کا موازنہ دنیا میں کسی بھی جدید ٹینک سے کیا جا سکتا ہے، وی ٹی فور آرمڈ کور میں الخالد ون کے بعد ایک اور اضافہ ہے۔افسروں اور جوانوں سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے وی ٹی فور ٹینک کی کارکرگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج خطے میں ابھرتے ہوئے چیلنجز اور خطرات سے آگاہ ہے، ہماری اندرونی اور بیرونی چیلنجز پر مکمل توجہ ہے، ہماری توجہ مکمل طور پر ملکی دفاع پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خود مختاری اور سالمیت کے خلاف کسی بھی خطرے کا موثر جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔آرمی چیف نے جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور جدید جنگی چیلنجز کے حوالے سے جوانوں کی اعلی تربیت کے معیار کو سراہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close