سعودی عرب واپسی میں تاخیراور اقامے کی مدت ختم ہونے کی پریشانی میں مبتلا پاکستانیوں کیلئے خوشخبری آگئی ، وزیراعظم نے خصوصی ہدایات جاری کر دیں

اسلام آباد (پی این آئی) سعودی عرب کیلئے خصوصی پروازوں میں اضافے کی کوششیں، وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ہدایت کر دی، سی ای او پی آئی اے ارشد ملک کی درخواست پر عمران خان کی جانب سے وزارت خارجہ کو اقاموں کی مدت میں توسیع کے حوالے سے بھی کردار ادا کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے

مطابق 30 ستمبر سے قبل سعودی عرب پہنچنے سے قاصر پریشان حال پاکستانیوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نوٹس لے لیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب جانےوالے مسافروں کو ٹکٹ کےحصول کے حوالے سے درپیس مشکلات پر سی ای او پی آئی اے ارشدملک نے وزیراعظم عمران خان سےٹیلیفونک رابطہ کیا۔ ارشد ملک نے تارکین وطن پاکستانیوں کی مشکلات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور سعودی ایوی ایشن کی محدود پروازوں کی اجازت دینے پر وزیراعظم سے مدد کی درخواست کی۔پی آئی اے کے سربراہ نے وزارت خارجہ سے بھی کردار ادا کرنےکی استدعا کی۔انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ سعودی حکام سے بات کر کے مزید پروازیں دلوائیں اور اقامےکی مدت میں کم ازکم ایک ماہ کی توسیع کی جائے۔ اس پر وزیراعظم عمران خان نے وزارت خارجہ کو پی آئی اے کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے جزوی طور پر بین الاقوامی پروازیں بحال کیے جانے کے بعد پاکستان میں پھنسے تارکین وطن کیلئے 30 ستمبر سے قبل سعودی عرب واپس پہنچنا ضروری ہے۔ ایسے پاکستانی جو کئی ماہ سے سعودی عرب واپس جانے سے قاصر ہیں، ان میں سے بڑی تعداد کے اقاموں کی مدت 30 ستمبر تک ختم ہو جائے گی۔ 30 ستمبر تک سعودی عرب واپس نہ پہنچنے کی صورت میں یہ پاکستانی اپنی نوکریوں سے محروم ہو سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں