مولانا فضل الرحمٰن کی نیب میں طلبی ، مولانا کتنے لاکھ کارکنان کیساتھ نیب میں پیشی کیلئے جائیں گے؟ پارٹی رہنما نے بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)رہنما جے یو آئی ف مولانا راشد خالد محمود سومرو نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمان نیب میں اکیلے نہیں 30لاکھ کارکنوں کے ساتھ پیش ہوں گے۔خیال رہے کہ نیب خیبرپختونخوا نے مولانا فضل الرحمان کو یکم اکتوبر کو طلب کیا ہے، نیب نے مولانا فضل الرحمان سے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ثبوت

مانگے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان پر آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے اور مالی بدعنوانیوں کے الزامات ہیں۔نجی نیوز چینل جیونیوز کے مطابق جے یو آئی ف سندھ کے رہنما مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اکیلے نہیں بلکہ 30لاکھ کارکنوں کے ساتھ نیب خیبرپختونخوا کے سامنے پیش ہوں گے،تمام اپوزیشن جماعتیں اور سینئر سیاسی قیادت نے اب اس ناجائز اور عوا و ملک دشمن حکومت سے ملک اور عوام کو نجات دلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اب اس کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں عوام کو جلد خوشخبری ملے گی۔دوسری جانب مولانافضل الرحمان نے کہا ہے کہ جے یو آئی (ف) نے کبھی ایک لمحے کے لیے بھی لچک نہیں دکھائی، ایک دو روز میں مزید اچھے فیصلے قوم کے سامنے آئیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم حقیقی جمہوریت اور آئین کی بالادستی قائم کرنا چاہتے ہیں،کل رہبر کمیٹی کا اجلاس ہے جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ حکمرانوں کا دماغی خلل ہے جب اس کے خلاف بات ہوتی ہے یہ پروپیگنڈا کرتے ہیں کہ یہ کرپشن کو بچانے اور انڈیا کو خوش کرنے کیلئے حکومت کو گرانا چاہتے ہیں، اکتوبر میں جب ہم نے آزادی مارچ کیا تو اس وقت بھی یہی واویلہ کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو زرداری سے کراچی میں ملاقات کی ہے اور حکومت مخالف تحریک اور ملکی سیاسی صورتحال بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں