اسلام آباد( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیرہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اے پی سی کی صورت میں کئی گھنٹے کے اکٹھ میں حکومت کیخلاف محاذ کھولنے کیلئے کوئی موثر جواز پیش نہیں کر سکیں بلکہ اپنے اپنے مفادات کے تحفظ کا راگ الاپا جاتا رہا،نواز
شریف کی سیاسی سر گرمیوں سے اصل حقائق عوام کے سامنے آگئے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوںاخترخان نے کہا کہ اپوزیشن کی اے پی سی کی جواندرونی کہانی سامنے آرہی ہے اس کے اپوزیشن کی اپنی سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔اے پی سی میں شرکت کرنے والی اپوزیشن کی قیادت مضبوط اعصاب کے مالک وزیر اعظم عمران خان کے عزم اورحوصلے کی وجہ سے سخت مایوسی کاشکار نظر آئے ۔ اپوزیشن جماعتیںایک دوسرے پر اعتبار کرنے کیلئے تیار نہیں اورایک دوسرے کو حلف اور یقین دہانیاں کرائی جاتی رہیں۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ اپوزیشن ایسے ہی اٹھک بیٹھک کرتی رہے گی او روزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اورپانچ سال بعد دوبارہ میدان میں آئیں گے اورعوام جو بھی فیصلہ کریں گے اسے تسلیم کیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی بہادرفوج ملک کی سرحدوں کے دفاع کے ساتھ ملک میں امن و امان کے قیام سمیت ہر طرح کی امدادی سرگرمیوں میں بھی مصروف عمل ہیں اس لئے پوری قوم انہیںخراج تحسین پیش کرتی ہے ۔اے پی سی کا اونٹ کس کی سیاست پر بیٹھے گا یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں