سعودی عرب واپس جانیوالے پاکستانیوں کیلئے بڑا دھچکا، قومی ائیرلائن نے کرایوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا

لاہور(پی این آئی) پی آئی اے نے سعودی عرب کیلئے پروازوں کے کرایوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا، پاکستان سے مختلف سعودی شہروں کا کرایہ 84 ہزار روپے سے بڑھا کر 1 لاکھ 33 ہزار روپے تک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ائیرلائن پی آئی اے کی جانب سے سعودی عرب کی پروازوں کے کرایوں میں یکدم

ہوشربا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پی آئی اے حکام کے مطابق کرونا ایس او پیز کے تحت ہر پرواز میں 25 فیصد نشستیں خالی چھوڑی جا رہی ہیں، اسی باعث کرایوں میں اضافہ کرنے پر مجبور ہوئے۔پی آئی اے کے اس فیصلے کے بعد کراچی سے جدہ ، مدینہ یا دمام کیلئے یک طرفہ کرایہ 1 لاکھ 27 ہزار روپے کردیا گیا جب کہ لاہور ، اسلام آباد یا پشاور سے جدہ اور مدینہ کا کرایہ 1 لاکھ 33 ہزار روپے کردیا گیا۔لاہور اسلام آباد یا پشاور سے ریاض اور دمام کا یک طرفہ کرایہ 1 لاکھ 31 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے سے قبل پاکستان سے سعودی عرب کا کرایہ 84 ہزار تھا۔پی آئی اے نے اپنے تمام ٹریول ایجنٹس کو نئے کرایوں سے آگاہ کر دیا۔ دوسری جانب پاکستان کی درخواست پر سعودی حکومت نے سعودی عرب کیلئے اضافی پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت کی اجازت کے بعد 30 ستمبر تک کل 13 اضافہ پروازوں سے 3 ہزار پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔مسافروں کے رش دیکھتے ہوئے پی آئی اے نے مزید 28 پروازیں چلانے کی اجازت مانگ لی تھی۔ تاہم اب صرف 13 اضافی پروازوں کی اجازت ملی ہے۔ اعلان کیا گیا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب جانے والی پروازوں کے ٹکٹس پہلے آئیں پہلے پائیں کے تحت فروخت کی جا رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close