لاہور(پی این آئی) میں نے اور اہل خانہ نے تبدیلی کیلئے آپ کی حمایت کی، تبدیلی انصاف کی فراہمی کے ذریعے نظر آنی چاہیے، سانحہ گجر پورہ کی متاثرہ خاتون کا وزیراعظم عمران خان نے کے نام پیغام۔ تفصیلات کے مطابق خاتون صحافی اور اینکر پرسن فریحہ ادریس کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب
سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں بتایا گیا ہے کہ سانحہ گجر پورہ کی متاثرہ خاتون نے وزیراعظم عمران خان کے نام خصوصی پیغام دیا ہے۔فریحہ ادریس کا بتانا ہے کہ متاثرہ خاتون کہتی ہیں کہ ان کے اہل خانہ نے ملک میں تبدیلی کیلئے عمران خان کی حمایت کی تھی۔ انہوں نے ایک بہت بڑی قیمت ادا کی ہے اور ساری زندگی یہ قیمت ادا کرتی رہیں گی۔متاثرہ خاتون نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ تبدیلی انصاف کی فراہمی کے ذریعے نظر آنی چاہیے۔ متاثرہ خاتون نے وزیر اعظم عمران خان سے ملزمان کو پھانسی کی سزاء دینے کا مطالبہ کیا۔متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزمان کو پھانسی کی سزا دینے سے ہی ان کی روح کو سکون ملے گا، ان کے ساتھ ہونے والے ظلم و جبر کا ازالہ ممکن ہو سکے گا۔ ایسے ملزمان کے لیے کوئی بھی نرمی برتنے کی ضرورت نہیں ہے، انہیں سخت سے سخت سزا ملنی چاہے۔ واضح رہے کہ سانحہ گجر پورہ کی تفتیش کے دوران اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ متاثرہ خاتون نے ملزمان شفقت اور عابد کی شناخت کر لی ہے۔منگل کے روز ملزمان کی شناخت پریڈ کے لیے جیل میں خصوصی انتظام کیا گیا تھا تاہم خاتون نے جیل میں آنے سے انکار کر دیا جس کے بعد خاتون کو ملزمان کی تصاویر بھیجی گئیں۔ متاثرہ خاتون نے تصاویر دیکھ کر ملزمان کی شناخت کر لی۔ دوسری جانب سانحہ موٹروے کا مرکزی ملزم عابد تاحال مفرور ہے۔ اس کیس میں ملوث ایک اور ملزم اقبال عرف بالا کو بھی منگل کے روز گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس اور حکومت پنجاب کا دعویٰ ہے کہ مرکزی ملزم عابد علی کو ٹریس کیا جا رہا ہے، اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں