اسلام آباد(پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے 15 ستمبر کو دورہ لاہور کا امکان ہے ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اپنے دورہ لاہور کے دوران راوی ریور فرنٹ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے ، اس دوران ان کی وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی ملاقات ہو گی جہاں وزیراعظم عمران
خان کو صوبہ پنجاب کے انتظامی و سیاسی امور پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ وزیر اعظم کو موٹروے زیادتی کیس کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی ۔دوسری طرف وزیرِ اعظم عمران خان نے ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں میں سرمایہ کاروں ، بلڈرز اور کنسٹرکٹرز کی جانب سے گہری دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان دو میگا پروجیکٹس سے جہاں اربوں کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی وہاں معیشت کے متعدد شعبوں کو فروغ حاصل ہوگا،یہ دونوں منصوبے معیشت کے فروغ کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے، بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائیگی ،منصوبے میں نوے فیصد پاکستانی مصنوعات استعمال کی جائیں گی جس سے مقامی انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا جس میں وزیرِ اطلاعات شبلی فراز، معاونین خصوصی ملک امین اسلم ، لیفٹنٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ، ڈاکٹر شہباز گل، چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹنٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، گورنر سٹیٹ بنک ، چئیرمین ایف بی آر و دیگر حکام شامل تھے ۔تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ملک کی معروف کاروباری شخصیات عقیل کریم ڈھیڈٰی، عارف حبیب، عباس مختار، فواد مختار، فیصل آفریدی، محمد احسن، شاہد عبداللہ، طارق رفیع ویگر بھی اجلاس میں شریک ہوئے ،اجلاس میں ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ اور بنڈل آئی لینڈ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، شرکاء کو منصوبوں کے خدو خال اور سرمایہ کاری کے اعتبار سے میسر بہترین مواقع کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ،تعمیرات کے شعبے سے وابستہ ملک کے بڑے سرمایہ کاروں نے دونوں منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ،کاروباری شخصیات نے بنکوں کے حوالے سے سہولیات کی فراہمی پر گورنر سٹیٹ بنک کے متحرک کردار کو سراہا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں