لاہور(پی این آئی)ملزم عابد ایک بدتمیز اور جھگڑالو شخص ہے، ملزم کے حوالے سے اہل علاقہ کے حیران کن انکشافات، موٹر وے واقعے کے مرکزی ملزم کے بارے میں اس کے اہلِ محلہ کا کہنا ہے کہ ملزم عابد ایک بدتمیز اور جھگڑالو شخص ہے۔پولیس ملزم عابد کو ابھی تک گرفتار نہیں کرسکی ہے جبکہ پنجاب حکومت کی
جانب سے بطور دوسرے ملزم نام دیئے جانے والے وقارالحسن نے رشتے داروں کے دباؤ کی وجہ سے گرفتاری پیش کر دی ہے۔پولیس کی جانب سے ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، جو فورٹ عباس کا رہنے والا ہے اور ملزم عابد کا ڈی این اے زیادتی کا شکار خاتون سے ملنے والے سیمپلز سے میچ ہو گیا تھا۔پولیس نے آج بھی ڈیرہ ملیاں غازی کوٹ میں موٹر وے واقعے کے مرکزی ملزم عابد کے گھر کی تلاشی لی، جہاں ویرانی کے ڈیرے ہیں۔اہلِ محلہ کا کہنا ہے کہ ملزم عابد ایک بدتمیز اور جھگڑالو شخص ہے، جس کی وجہ سے ملزم عابد اور اس کے گھر والوں سے کسی کی بول چال نہیں تھی۔اہلِ محلہ نے الزام عائد کیا کہ ملزم عابد اور اس کے گھر والے چوری چکاری کرتے تھے۔پولیس کو ملزم عابد کے گھر سے اس کی بھابھی کی ایک تصویر ملی ہے۔موٹر وےواقعےکا مرکزی ملزم عابد پہلے سے ہی اشتہاری ہے، فارنزک سائنس ایجنسی کے ڈی این اے بینک میں ملزم کا ڈی این اے سیمپل پہلے سے موجود تھا، جو پہلے بھی مختلف نوعیت کی واداتوں میں ملوث رہا ہے اور اس کا جرائم پیشہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔ذرائع کے مطابق ملزم کے خلاف 2013 ء میں ڈکیتی اور زنا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد پنچایت کے فیصلے کے بعد وہ علاقہ بدر کر دیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم عابد پر 2013ء میں ایک مقدمہ تھانہ فورٹ عباس درج ہوا، 2014ء میں 4 مقدمات تھانہ کھچی والا میں درج ہوئے۔پولیس کے مطابق ملزم پر 2016ء میں ایک اور 2017ء میں 2 مقدمات درج ہوئے، ایک مقدمہ تھانہ فورٹ عباس اور 7 مقدمات تھانہ کھچی والا میں درج ہو چکے ہیں۔پنجاب حکومت کی جانب سے گزشتہ روز اعلیٰ سطح کی پریس کانفرنس میں ملزم عابد اور وقارالحسن کی تفصیلات جاری کی گئی تھیں۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب انعام غنی نے گزشتہ روز ملزمان عابد اور وقارالحسن کی نشاندہی کی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں