پروٹوکول کے خاتمے کا وعدہ پورا نہ ہو سکا، وزیراعظم کی آمد پر پورا صوبائی دارالحکومت بند کر دیا گیا

کوئٹہ (پی این آئی) تبدیلی سرکار دیگر دعوؤں کی طرح وی آئی پی پروٹوکول کے خاتمے کاوعدہ بھی دھرے کا دھرے رہ گیا،وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد کے موقع پر وی وی آئی پی موومنٹ کے نام پر پورے شہر کو بند کر دیا گیا سڑکوں پر طویل انتظار کرکے شہری مشکلات سے دوچارپولیس اہلکاروں نے بھی

پوچھنے پربزرگ شہریوں اور خواتین سے تلخ کلامی کی عوامی حلقوں نے حکام بالاسے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روزوزیراعظم عمران خان کی آمد کے موقع پر صوبائی دارالحکومت کو ایئرپورٹ روڈ،نواں کلی موڑ، سریاب روڈ، زرغون روڈ، جی پی اوچوک، سرکلر روڈ، پشین اسٹاپ، بینظیر بھٹو فلائی اوورو ملحقہ شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑکوں کو مکمل طورپربند کردیاگیا جس کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت کے باسی گھنٹوں سڑکوں پر انتظارکرتے رہے لوگوں کوانتہائی اذیت کاسامنا کرنا پڑا، وی آئی پی موومنٹ کے دوران ایمبولینسوں کو روک دیاگیااور ایئرپورٹ روڈپر ٹریفک حادثے میں زخمی افراد ایمبولینس میں تڑپتے رہے مگر کسی نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔عوامی حلقوں نے بتایا کہ بلندوبانگ دعوے کرنا تبدیلی سرکارکی اہم نشانی ہے دیگر شعبوں میں انقلاب لانے کی باتیں کرنیوالی تحریک انصاف کی حکومت نے پروٹوکول کے خاتمے کے دعوے کئے لیکن وزیراعظم عمران خان کی آمد کے موقع پر کوئٹہ شہر کو مکمل طورپر یرغمال بنادیا گیا جو کہ تشویشناک ہے انہوں نے بتایاکہ سڑکیں بندہونے کی وجہ پوچھنے پر نواں کلی موڑپر تعینات اہلکاروں نے بزرگ اورخواتین کیساتھ تلخ کلامی کرکے انہیں خوب ڈانٹ پلادی عوامی حلقوں نے حکام بالاسے مطالبہ کیا کہ وی وی آئی پی موومنٹ کے نام پر شہر کو بند نہ کیا جائے وزیراعظم ودیگر اہم شخصیات ہیلی کاپٹر کے ذریعے جائیں تاکہ شہری اذیت سے بچ سکیں۔ وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد کے موقع پر وی وی آئی پی موومنٹ کے نام پر پورے شہر کو بند کر دیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close