ریاض(پی این آئی) کورونا وائرس کی وجہ سے دُنیا بھر میں اس وقت ایک نحوست کا راج ہے۔ ایک طرف لوگوں کی اموات ہو رہی ہیں تو دوسری طرف کاروبار ٹھپ ہونے سے کروڑوں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔ سعودی عرب میں بھی کورونا کی وجہ سے خصوصاًتارکین کی مالی مشکلات میں اضافہ ہو چکا
ہے۔ ایسے وقت میں سعودی پٹرولیم ادارے ارامکو نے ایک اور بُری خبر سُنا دی ہے۔ارامکو کی جانب سے ایک بار پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں۔ ارامکو کی جانب سے 11 ستمبر سے 10 اکتوبر تک کے لیے پٹرول کی نئی قیمتیں جاری کر دی گئی ہیں، جن کے مطابق مملکت میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گزشتہ رات پٹرول کے نئے نرخ جاری کیے گئے ہیں۔ سعودی گزٹ کے مطابق پٹرول 91 کی نئی قیمت ایک ریال 47 ہللہ مقرر کر دی گئی ہے۔گزشتہ ماہ جولائی میں اس پٹرول کی قیمت 1 ریال 43 ہللہ فی لیٹر مقرر کی گئی تھی ۔ اس طرح پٹرول 91 کی قیمت میں 4 ہللہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ پٹرول 95 کی نئی قیمت بھی بڑھا کر ایک ریال 63 ہللہ فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ گزشتہ ماہ اس پٹرول کی قیمت ایک ریال 60 ہللہ تھی۔ اس لحاظ سے پٹرول 95 کی قیمت میں 3 ہللہ کا اضافہ کیا گیا ہے۔تاہم ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتیں پچھلے ماہ کے نرخوں پر برقرار رکھی گئی ہیں۔ڈیزل کی قیمت 52 ہللہ فی لیٹر ہی رہے گی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت پچھلے ماہ کی طرح ہی70 ہللہ فی لٹر ہوگی۔ارامکو کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کے نئے نرخ ہفتہ آج 11 ستمبر سے نافذ العمل ہوں گے۔واضح رہے کہسعودی مملکت میں پٹرول کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں تیل کے برآمدی نرخوں کے مطابق کیا جاتا ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ کے مطابق ہی سعودی عرب میں بھی قیمتوں میں رد و بدل کی جاتی ہے۔ارامکو کی جانب سے ہر ماہ کی دس تاریخ کو پٹرول کے نرخوں پر نظرثانی کی جاتی ہے اور اس کا اطلاق ہر ماہ کی گیارہ تاریخ سے کیا جاتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں