تاریخی بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی جاری تعمیر بین الاقوامی اصولوں کےخلاف ہے، پاکستان کے سفیر منیر اکرم

نیویارک (پی این آئی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت میں تاریخی بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی جاری تعمیر بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔پاکستان نے بھارت کے شہر ایودھیا میں 1992ء میں شہید کی جانے والی تاریخی بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی جاری تعمیر کو

بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے یہاں ”فورم آن کلچر آف پیس” کے ورچول اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مذہبی مقامات کے تحفط کے اقوام متحدہ کے منصوبہ کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے بھارت میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کے انتہا پسندوں کی جانب سے اس خطرے سے خبردار کیا جس میں انہوں نے بھارت میں سینکڑوں مساجد اور تاریخی اسلامی مقدس مقامات کو تباہ کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ثقافتی پہچان رکھنے والے مراکز اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کی جان بوجھ کر تبدیلی چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔منیر اکرم نے کہا کہ دنیا نے گزشتہ 75 برس کے دوران طاقت کے بجائے انسانی اقدار پر مبنی ورلڈ آڈر کی جانب کافی پیش رفت کی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ورلڈ آڈر اور عالمی امن کو اب شدید خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور تنازعات کے پھیلائو اور ان کی شدت کو بڑھایا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ کورونا وائرس نے انسانیت کو متحد کرنے کی بجائے دور کیا ہے اور اس نے ہمارے اختلافات اور تقسیم کو ظاہر کیا ہے۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ سماجوں اور اقوام میں عدم مساوات بڑھ رہی ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسی ویژن سے رہنمائی لیتے ہوئے پاکستان نے ہمیشہ انصاف اور امن کے اصولوں کا دفاع کیا ہے۔منیر اکرم نے کہا کہ بین الامذاہب ہم آہنگی بڑھانے، بین الاثقافتی مذاکرے اور امن کیلئے تعاون کے فروغ کے لئے پاکستان فلپائن کے ساتھ ملکر ہر سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک قراردار پیش کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ برابری، انصاف، برداشت اور امن پر مبنی ریاست مدینہ کی گورننس تاریخ میں ایک مثال کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس نے عرب، سپین اور جنوبی ایشیا میںاسلام کے سنہری وقت کی بنیاد رکھی جہاں برداشت اور تعاون کی اقدار پر امن قائم کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے سکھ یاتریوں کے لئے کرتار پورہ میں دنیا کا سب سے بڑا گردوارہ تعمیر کیا، بھارت اور پاکستان کے درمیان اس راہداری کو گزشتہ سال وزیر اعظم عمران خان نے کھولا، اس منصوبہ کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے ”امن کی راہداری ” قرار دیا ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اقوام کے درمیان امن کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے سیاسی عزم کا ثبوت دینا چاہیے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں