ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں، سیلاب متاثرین کی نوید قمر سے تلخ کلامی

ٹنڈو محمد خان(پی این آئی):ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں، سیلاب متاثرین کی نوید قمر سے تلخ کلامی، صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین نے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر کو اپنے درمیان دیکھا تو ان پر برس پڑے اور سخت باز پرس کی، متاثرین کا کہنا تھا کہ جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں، انتظامیہ نے اب تک کیا کیا؟

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر صوبہ سندھ کے شہر ٹنڈو محمد خان پہنچے تو سیلاب متاثرین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا، متاثرین نے نوید قمر سے سخت سوالات کیے اور تلخ کلامی بھی ہوئی۔متاثرین کا کہنا تھا کہ آپ ٹوپیاں پہن کر جھوٹی تسلی دینے آجاتے ہیں، نکاسی آب کی مشینیں اپنے ساتھ لائے ہیں؟ متاثرین نے سخت غصے میں ان سے سوال کیا کہ مویا شہر زیر آب ہے، انتظامیہ نے کیا کیا؟نوید قمر نے ٹنڈو محمد خان کے گاؤں بجر خان تالپور کا دورہ کیا جہاں بارش کا جمع شدہ پانی دریا بن گیا، گاؤں کے قبرستان زیر آب آچکے ہیں جس سے میتوں کی تدفین میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔نوید قمر کے ساتھ ڈپٹی کمشنر اور ان کے بیٹے قاسم نوید بھی ان کے ساتھ تھے۔خیال رہے کہ حالیہ بارشوں نے صوبہ سندھ میں تباہی مچادی ہے اور متعدد شہر و دیہات زیر آب آچکے ہیں، بارشوں کے دوران 136 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ صوبے بھر کے 20 اضلاع میں 23 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close