متحدہ عرب امارات (پی این آئی)کورونا کی دوسری لہر ، ایک ہی دن میں 883 نئے کیسز رپورٹ، یو اے ای میں ایک روز کے دوران کورونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آگئے۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت صحت کے حکام نے متحدہ عرب امارات میں اب تک ایک روز کے دوران سب سے زیادہ 883 نئے کیسز
رپورٹ ہونے کی تصدیق کی۔وزارت صحت کے حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بڑی تعداد میں نئے کیسز کا رپورٹ ہونا کورونا کی دوسری لہر ہوسکتی ہے۔اس سےقبل دبئی میں ایک روز کے دوران 19،20 اور 21 مئی کو کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد اب چوتھی مرتبہ ایک روز میں سب سے زیادہ ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے۔متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے کورونا سے 2 ہلاکتوں کی بھی تصدیق کی جس سے کل ہلاکتیں 393 ہوگئی ہیں۔عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ متحدہ عرب امارات میں اگست کے اختتام سے بتدریج کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جہاں 31 اگست کو ایک روز کے دوران کورونا کے 500 سے زائد کیسز سامنے آئے تھے جب کہ 7 ستمبر کو 470 اور 8 ستمبر کو 644 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔وزارت صحت کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ کورونا پر قابو کے لیے غیر ذمہ دار رویہ اور سماجی میل جول کی وجہ سے وائرس کی شرح میں اضافہ ہواہے۔وزارت صحت کے حکام کے مطابق ایک روز کے دوران مجموعی طور پر 85 ہزار 917 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 883 کیسز سامنے آئے۔متحدہ عرب امارات میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 75 ہزار سے زائد ہے اور اب تک تقریباً 400 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ 72 ہزار مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد زیر علاج مریضوں کی تعداد 8 ہزار 229 رہ گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں