تعلیمی ادارے کھلنے کی حتمی تاریخ کا فیصلہ آج ہو گا، کیا ہو گا؟ اس کے علاوہ کیا اہم فیصلے ہوں گے؟ تفصیل جانیئے

اسلام آباد (پی این آئی)تعلیمی ادارے کھلنے کی حتمی تاریخ کا فیصلہ آج ہو گا، کیا ہو گا؟ اس کے علاوہ کیا اہم فیصلے ہوں گے؟ ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق حتمی فیصلے کے لیے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس آج ہوگا۔ وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کی

صدارت کریں گے جب کہ چیئرمین اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔اجلاس میں وزارت صحت کے حکام سے بریفنگ کے بعد اداروں میں سرگرمیوں کی بحالی سے متعلق سفارشارت قومی رابطہ کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی جب کہ تعلیمی اداروں سے متعلق ایس او پیز کو حتمی شکل بھی دی جائے گی۔ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں مختصر تعلیمی نصاب اور 2021 میں امتحانات پر بھی گفتگو ہوگی جب کہ یکساں نصاب تعلیم کا معاملہ بھی اجلاس میں زیر غور آئے گا۔واضح رہے کہ عالمگیر وبا کورونا وائرس کے پاکستان میں پھیلنے کے بعد سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے تقریباً 6 ماہ سے بند ہیں تاہم اب ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کے بعد تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس حوالے سے حتمی اعلان این سی او سی کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں