وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کا اس سال شہداء کے بچوں کے لئے کوٹے، مفت تعلیم، رہائش اور 5 ہزار ماہانہ وظیفہ کا اعلان، شہداء کے بچوں کو ہاسٹل میں مفت رہائش کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی

لاہور (این این آئی) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے پاک فوج اور پولیس کے شہداء کے بچوں کے لئے رواں سال سے خصوصی کوٹے، مفت تعلیم، پانچ ہزار روپے ماہانہ سکالرشپ اور ہاسٹل میں مفت رہائش کا اعلان کیا ہے علاوہ ازیں یہ تمام سہولیات خصوصی کوٹے پر داخلہ لینے والے شہدا کے

بچوں کے ساتھ ساتھ میرٹ پر داخلہ لینے والے شہدا کے بچوں کو بھی فراہم کی جائیں گی۔ یوم دفاع کی مناسبت سے اپنے بیان میں وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی نے تعلیمی سیشن 2020-2021 سے ہر شعبے کے ماسٹرز اور بی ایس آنرز کی سطح کے پروگرامز میں شہداء کے بچوں کے لئے کوٹے کی خصوصی نشستیں مختص کی ہیں اور رواں سال سے بی ایس اور ماسٹرز کی سطح پر پاک فوج اور پولیس کی نامزدگی پر شہداء کے بچوں کو داخلہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوٹے اور میرٹ پر داخل ہونے والے شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی اور انہیں ماہانہ پانچ ہزار روپے کی سکالرشپ بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں داخلہ لینے والے شہداء کے بچوں کو ہاسٹل میں مفت رہائش کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے ہم پر عظیم احسانات ہیں اور ہم ان احسانات کا بدلہ کسی صورت نہیں چکا سکتے۔ تاہم ہم سب کو کوشش کرنی چاہئے کہ شہداء کے خاندانوں کی ذیادہ سے ذیادہ مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی بدولت آج ہم آزادی کی فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ پاکستانی فوجیوں کا جذبہ شہادت مثالی ہے اور اس معاملے میں دنیا کی تمام افواج میں پاک آرمی امتیازی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاکستان کی بری فوج، پاک بحریہ اور پاکستان ائیر فورس نے بہادری کی نئی داستانیں رقم کیں اور اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو میدان جنگ میں عبرتناک شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی دنیا کی نمبر ون فوج ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دشمنوں کو شکست دی ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close