یوم دفاع پر جذبہ حب الوطنی سے سرشار ملّی نغمہ جاری 80 کے دہائی کے مقبول نغمے کے ری میک کو علی عظمت، علی نور، علی حمزہ اور عاصم اظہر نے گایا

راولپنڈی(این این آئی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے یوم دفاع کے موقع پر قوم کے شہدا اور ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قومی جذبوں اور امنگوں سے بھرا گیت ’’ہر گھڑی تیار کامران ہیں ہم‘‘ کا ری میک جاری کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 6 ستمبر کو یوم دفاع پاکستان ملّی جوش و جذبے

کے ساتھ منایا جاتا ہے، اسی دن 1965 میں قوم کے بہادر شاہینوں نے بھارتی حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن فوج کو شکست کی خاک چٹا دی تھی۔ اس دن ہر پاکستانی اپنی فوج کی بہادری، جذبہ حب الوطنی اور جنگی صلاحیتوں پر فخر کرتا ہے اور یہ اس بات کی بھی یقین دہانی ہے کہ پاک سرزمین کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے عوامی امنگوں اور ملی جذبے کو مد نظر رکھتے ہوئے 6 ستمبر 1965 کے ہیروز اور شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نغمہ جاری کیا ہے، یہ گیت آئی ایس پی آر کے یوٹیوب چینل پر جاری کیا گیا جسے وائرل ہوتے ہی ہزاروں لوگوں نے دیکھا اور داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔ملی نغمہ ‘‘ہر گھڑی تیار کامران ہیں ہم’’ 80 کی دہائی سے اب تک زبان زد عام ہے اور ہر پاکستانی کے دل میں دھڑکن کی طرح بجتا ہے جسے ظفر اللہ چاشنی نے تحریر کیا تھا اور موسیقی نیاز احمد نے دی تھی جب کہ گائیک خالد وحید تھے۔ نغمے کے ری میک میں علی عظمت، علی حمزہ۔ علی نور اور عاصم اظہر نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے ، موسیقی علی حمزہ کی ہے اور اسے خوبصورت لوکیشن پر فلمایا گیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close