شہرقائد کراچی کا نیا ایڈمنسٹریٹرکون ہو گا؟ حکومت کی جانب سے بڑا اعلان کر دیا گیا

کراچی (پی این آئی) کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر کے نام کا اعلان کر دیا گیا، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے افتخار شلوانی کو شہر قائد کے انتظام کی ذمے داری سونپنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے شہر قائد کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر کیلئے نام فائنل کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے

مطابق سیکرٹری بلدیات سندھ رہنے والے افتخار شلوانی کو کراچی کا نیا ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا جائے گا۔افتخار شلوانی کی تعیناتی کا اعلان ایک سے دو روز میں کر دیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ افتخار شلوانی کمشنر کراچی کے عہدے پر بھی براجمان تھے اور انہیں کچھ روز قبل ہی اس عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔ افتخار شلوانی کو کمشنر کراچی کے عہدے سے ہٹا کر سیکرٹری بلدیات تعینات کیا گیا تھا۔اب انہیں سیکرٹری بلدیات کے عہدے سے بھی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا اور ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کیا جائے گا۔دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع منصوبہ بندی ڈویژن کے مطابق کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں 802 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔ اس کے لیے 723 ارب 25 کروڑ روپے درکار ہوں گے۔کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے منصوبوں کے لیے رواں سال کے بجٹ میں 32 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ذرائع منصوبہ بندی ڈویژن کے مطابق کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے منصوبوں پر اب تک 47 ارب 18 کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں۔پلان کے تحت ماس ٹرانزٹ سسٹم کے چھ منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔ماس ٹرانزٹ سسٹم کے 447 ارب 43 کروڑ روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔300 ارب روپے مالیت کا کراچی سرکلر ریلوے پراجیکٹ ٹرانسفارمیشن پلان میں شامل ہے ۔ ذرائع کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے کے لیے 250 ارب روپے چینی حکومت فراہم کرے گی۔سندھ حکومت کراچی سرکلر ریلوے کے لیے 50 ارب روپے فراہم کرے گی۔سیوریج کے 8 منصوبوں کا تخمینہ 162 ارب 60 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ ذرائع منصوبہ بندی ڈویڑن کا کہناہے کہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے چار منصوبوں کی لاگت کا تخمینہ 14 ارب 86 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔واٹر ڈرینز کے دو منصوبوں کی لاگت کا تخمینہ 4 ارب 70 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کا تخمینہ 62 ارب 30 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں