بلاول بھٹو نے وزیر اعظم عمران خان سے امیدیں لگا لیں، دو سال بعد نظر آرہا ہے وفاقی حکومت سنجیدگی سے کراچی پر توجہ دے رہی ہے، توقع ہے کہ وزیراعظم صرف کراچی نہیں پورے سندھ کے لیے ریلیف کا اعلان کریں گے

کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں بارشوں کے بعد عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ہم امید کرتے ہیں وفاقی حکومت سندھ کے ساتھ مل کر عوام کو ریلیف پہنچائے گی اور وفاق سندھ کو کراچی کے معاملات پر ساتھ لے کر چلے گا،سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہم پر

طنز کرکے کی جاتی ہے، سندھ اور کراچی کے حوالے سے بیان بازی بند کی جائے، یہاں سے پیسہ وفاق اور ملک کو جاتا ہے، سندھ اور کراچی کونقصان سے وفاق کو بڑا نقصان ہوگا،دو سال بعد نظر آرہا ہے وفاقی حکومت سنجیدگی سے کراچی پر توجہ دے رہی ہے، سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے بڑا نقصان ہوا، ہمیں اس وقت امداد اور ریلیف چاہیے، ہم امید کرتے ہیں وزیراعظم صرف کراچی نہیں پورے سندھ کے لیے ریلیف کا اعلان کریں گے، صرف 3نالوں کی صفائی سے سندھ صاف نہیں ہوگا،کراچی کے انفرااسٹرکچر سے متعلق طویل المدت منصوبوں کی ضرورت ہے، ماضی میں جوہوا سو ہوا، اب حالات مختلف ہیں اور ہم وفاق کی جانب دیکھ رہے ہیں، مجھے بارشوں سے نقصانات پر تشویش ہے اور ہمیں مدد کی اشد ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کووزیراعلیٰ ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ ہم امید کرتے ہیں کہ وفاقی حکومت کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی ہماری مدد کرے گی، فی الحال ہمیں سیلاب کے متاثرین کیلئے فوری امداد کی ضرورت ہے، بحریہ ٹائون کا پیسہ بھی عدالتوں میں پھنسا ہوا ہے وہ جلد آنا چاہیے تاکہ ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ریلیف پہنچا سکیں۔ 100سال بعد اتنی زیادہ بارش ہوئی ہے، سوسال بعد ایسا مون سون کا سلسلہ آیا ہے، بارش کے دوران عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سندھ کے عوام وزیراعظم عمران خان کے انتظار میں ہیں، 2 سال بعد نظر آرہا ہے کہ وفاقی حکومت سنجیدگی سے کراچی پر کام کرنا چاہتی ہے، امید کرتے ہیں وفاقی حکومت سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی، صرف کراچی کے 3 نالوں کی صفائی سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔انہوں نے اندرون سندھ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر میں بارشوں اور سیلاب سے شدید نقصان ہوا ہے، سندھ میں بارش سے زرعات شدید متاثر ہوئی ہے، میرپورخاص، بدین، کھپرو کے عوام بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں، امید کرتے ہیں وفاقی حکومت کسانوں کی بھرپور مدد کریگی، جس طرح سیلاب میں پیپلز پارٹی حکومت نے وطن کارڈ کا اجرا کیا ایسے اقدام کی ضرورت ہے۔انہوں نے کراچی میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بجلی کی قیمت بڑھانے کے فیصلے کو واپس لے۔بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ بارش کا پانی زیادہ آنے سے دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال ہے، بارشوں کا پانی دریاوں میں زیادہ آنے سے سیلاب سے نمٹنے کی تیاری کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ کو سراہتا ہوں وہ بارش کے دوران فیلڈ میں موجود رہے۔انہوں نے کہاکہ اس آفت میں پورے ملک کی عوام وفاقی حکومت کی جانب دیکھ رہی ہے، بارش متاثرین کی بحالی کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون درکار ہے، بارش اور سیلاب سے لوگوں کے گھر تباہ ہوگئے ہیں، حکومت لوگوں کے تباہ گھر بنانے میں تعاون کرے، پی ٹی آئی قیادت کہتی ہے کہ کراچی کے لیے تاریخی پیکج لا رہیہیں، سیلاب اور بارش متاثرین کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کی ضرورت ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں