پاک چین دوستی زندہ باد ، سی پیک کے دوسرے مرحلے کے منصوبوں پر بات چیت شروع ہو گئی، چینی سفیر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں کن کن منصوبوں پر بات ہوئی

اسلام آباد(آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت سے متعلقہ منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے پر عزم ہیں۔وہ جمعرات کو چینی سفیر سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔پاکستان میں تعینات چینی سفیر یائو جنگ نے چینی سفارت خانہ میں متعین ایگریکلچر

کمشنر گو وین لینگ کے ہمراہ وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی،ملاقات میں فارمز ایسوسی ایشن کے صدر آفاق ٹوانہ اور چیرمین سید یاور علی بھی وزیر خارجہ کی خصوصی دعوت پر شریک ہوئے۔ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری اور زراعت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں اصلاحات ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، میرے حالیہ دورہ چین کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ہونیوالی ملاقات میں زرعی شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے خصوصی گفتگو ہوئی ، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت سے متعلقہ منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے پر عزم ہیں، شاہ محمود قریشی نے پاکستان میں ٹڈی دل حملے کے بعد چین کی جانب سے زرعی ادویات، مشینری اور ڈرونز کی بروقت فراہمی پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دوران ملاقات زرعی شعبے سے متعلقہ تحقیق، لائیو اسٹاک، ہارٹی کلچر، ماہی گیری سمیت مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔اس موقع پر چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین، پاکستان میں عنقریب دو “فٹ اینڈ ماتھ ڈیزیز سینٹر” قائم کرے گا – چینی سفیر نے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان میں عنقریب ایگریکلچر سے متعلق دس ٹیکنالوجی سینٹرز قائم کرے گا اور اپنے ماہرین کی ایک ٹیم بھی پاکستان جلد روانہ کریگا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں