اسلام آباد (این این آئی) جاپان کے سفیر کوننوری ماتسودا نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری سے ملاقات کی جس میں تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں اہم بات چیت کی گئی،پاکستان میں حکومتی سرپرستی میں تین روزہ جاب فیئر کروانے کی تجویز زیر غور آئی۔ جاپانی سفیر نے کہاکہ جاپان کو
انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نرسنگ کیئر میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے۔ سفیر نے کہاکہ جاپان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنیاں خصوصی طور پر پاکستانی تربیت یافتہ نوجوانان کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ہائی سکلڈ ویزہ کا آغاز کیا ہے،پاکستان میں آئی ٹی کی تربیت یافتہ افرادی قوت اس ویزے کے تحت اپلائی کر سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس ویزہ کے تحت پاکستانی افرادی قوت کو ویزا لینے میں آسانی ہوگی، کرونا وائرس کو کامیابی سے قابو پانے پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سب سے پہلے صدر جاپان کی صحت کے متعلق نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جاپانی سفیر نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کا پیغام جاپان میں بہت خوش آئند سمجھا گیا،جاپان کے صدر نے بھی اس کا اظہار اپنی ٹویٹ میں کیا۔ زلفی بخاری نے کہاکہ آپ کی نیک تمنائیں وزیراعظم عمران خان تک پہنچاؤں گا، پاکستان کی 65 فیصد آبادی 35 سال سے کم ہے۔زلفی بخاری نے کہاکہ پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم ہونے سے پاکستان میں ترقی ہوگی، کرونا کی وجہ سے ہنر مند افراد کو جاپان بھیجنے میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں۔ زلفی بخاری نے کہاکہ جاپان میں افرادی قوت بھیجنا میری اولین ترجیح ہے،پاکستان کویت اور سعودی عرب میں سینکڑوں نرسنگ سٹاف بھیج رہا ہے۔ زلفی بخاری نے کہاکہ فوری طور پر 4000 نرسنگ اسٹاف جاپان بھی بھیج سکتے ہیں،حکومتی سرپرستی میں تین روزہ جاب فیئر منعقد کیا جا سکتا ہے۔ زلفی بخاری نے کہاکہ جاپانی کمپنیز پاکستان میں جاب فیئر میں حصہ لیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں