مون سون بارشوں کے سلسلے نے کراچی کا حلیہ ہی بگاڑ دیا، شاہراہ فیصل، ڈیفنس اور کورنگی کے علاقے تاحال زیرآب، شہری پریشان

کراچی (آئی این پی )کراچی میں بارش کے بعد مسائل ہی مسائل، شاہراہ فیصل، ڈیفنس اور کورنگی کے علاقے تاحال زیر آب ہیں، نشیبی علاقوں کا برا حال ہے، پانی گھروں میں موجود ہے جبکہ شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ تفصیلات کے ،مطابق مون سون بارشوں کے سلسلے نے کراچی کا حلیہ ہی بگاڑ دیا۔ بادل ایسے

برسے کے جل تھل ایک کر دیا، سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا۔ گزشتہ روز فیصل بیس پر سب سے زیادہ 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سر جانی ٹان میں 195، کیماڑی میں 169 اور ناظم آباد میں 162 ملی میٹر بارش ہوئی۔ شہر قائد کے کئی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی تا حال نہ ہوسکی، ڈیفنس اور کورنگی کراسنگ تاحال زیر آب ہیں، طوفانی بارش سے نرسری فرنیچر مارکیٹ میں پانچ سے سات فٹ تک پانی جمع ہوا، دکانوں میں پانی داخل ہونے سے قیمتی فرنیچر خراب ہوگیا۔بارش کے بعد مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ نیا ناظم آباد میں ایدھی فانڈیشن نے ریسکیو آپریشن کیا، گھر کی چھتوں پر پناہ گزیں افراد کو وہاں سے منتقل کر دیا گیا۔ بارش کے بعد سے متعدد علاقوں میں بجلی بحال نہ ہوسکی۔ قائد آباد گلشن حدید، گلشن معمارمیں بجلی کی بندش کو 24 گھنٹے گزر گئے۔ شاہ فیصل کالونی، گرین ٹاون، شمسی سوسائٹی سمیت متعدد علاقے بھی متاثر ہیں، شاہراہ فیصل پر گزشتہ روز پانی میں پھنس جانے والی بے شمار گاڑیاں اب بھی موجود ہیں۔ پانی کے باعث لوگ گاڑیاں سڑک پر ہی چھوڑ گئے تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close