کراچی میں ایک روز کے دوران زیادہ سے زیادہ بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، 12گھنٹوں میں غیر متوقع طو رپر کتنی بارش ہو ئی؟

کراچی (پی این آئی)کراچی میں ایک دن کے دوران زیادہ سے زیادہ بارش کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، گزشتہ روز 12 گھنٹے کے دوران غیر متوقع مون سون اسپیل کی وجہ سے شہر قائد میں 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری مون سون بارشوں کے اسپیل کے دوران زیادہ

سے زیادہ بارش کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز کراچی میں صرف 12 گھنٹے کے دوران 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو ایک دن کے دوران اس شہر میں ہونے والی سب سے زیادہ بارش ہے۔ شہر میں فیصل ائیربیس کے علاقے میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ کراچی شہر میں ایک ماہ کے دوران زیادہ سے زیادہ بارش کا نصف صدی کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا ہے۔رواں ماہ اب تک شہر قائد میں 442 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے، 53 سال پہلے جولائی 1967 میں کراچی میں 429 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔مزید بتایا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کے پاس کراچی کی بارشوں کا 89 سال کا ریکارڈ موجود ہے، اس ریکارڈ کے مطابق شہر قائد میں گزشتہ 89 سال کے دوران کبھی اتنی بارش نہیں ہوئی۔ کراچی میں بارش کا سلسلہ جمعرات کی صبح شروع ہوا جو اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔ جبکہ کراچی میں کل سے پیر تک مزید اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اس حوالے سے پیشن گوئی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں کل سے پیر تک مزید بارشوں کا امکان ہے جسکے بعد صورتحال مزید بد تر ہو سکتی ہے۔کراچی میں ہونے والی مسلسل بارشوں کی وجہ سے اس وقت شہر کا حالات بدترین ہیں، جبکہ مزید بارشوں سے صورتحال اور خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ اس تمام صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے الرٹ پر ہیں۔ تاہم وزیراعلیٰ سندھ خدشے کا اظہار کر چکے ہیں کہ اگر مزید بارش ہوئی تو امدادی کاروائیاں کرنا ناممکن ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں