معاملات سندھ حکومت کے ہاتھ سے نکل گئے ، کراچی میں بارشوں سے تباہی ، وزیراعظم اور آرمی چیف سے مداخلت کا مطالبہ کر دیا گیا

کراچی (پی این آئی) اینکر پرسن کامران خان نے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف سے کراچی کی بارشوں کے حوالے سے ایکشن لینے کی اپیل کی ہے۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کامران خان نے کہا کہ کراچی میں ایک بار پھر سے موسلا دھار بارش شروع ہوچکی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کے کرتا

دھرتاؤں کیلئے خاموشی کوئی آپشن نہیں ہے، دور دور تک ریاست نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی، پاکستان کا معاشی حب منتظر ہے کہ ریاست ایکشن لے۔کامران خان نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کے 2 کروڑ لوگ انتہائی آزمائش سے گزر رہے ہیں، سندھ حکومت سے یہ توقع کرنا کہ وہ اس آفت سے نمٹ پائے گی ٹھیک نہیں ہے کیونکہ اگر وہ اس قابل ہوتی تو کراچی اس حالت سے نہ گزرتا، اگر سندھ حکومت اس قابل ہوتی تو اپریل ، مئی میں نالوں کی صفائی کردی جاتی اور برسات کے موسم کا انتظار نہ کیا جاتا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم صاحب خاموشی آپشن نہیں ، فوری ایکشن لیں ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ساری صورتحال سے آگاہ ہیں، جو فوجی دستے بھیجے گئے تھے وہ ناکافی ہیں، پوری ریاست مل کر ایکشن لے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں