بڑی خوشخبری ، شدید بارشوں میں آبی ذخائر بڑھنے کی وجہ سے سستی بجلی کی پیدوار میں ناقابل یقین اضافہ ہو گیا

لاہور (پی این آئی) واپڈا پن بجلی گھروں کی پیداوار پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ساڑھے 8 ہزار میگاواٹ کی حد عبور کر گئی ۔گزشتہ روز پیک آورزکے دوران واپڈا پن بجلی گھروں سے نیشنل گرڈ کو 8 ہزار 757 میگاواٹ بجلی مہیا کی گئی ۔ اِس سے قبل پیک آورز کے دوران واپڈا پن بجلی گھروں سے قومی نظام کو زیادہ

سے زیادہ بجلی فراہم کرنے کا ریکارڈ8 ہزار 474میگاواٹ تھا جو گزشتہ سال 11ستمبر کو قائم ہوا تھا ۔تربیلا اور منگلا کے آبی ذخائر میں پانی کی بلند سطح، ارسا کی ہدایت پر آبی ذخائر سے پانی کا زیادہ اخراج اور واپڈا پن بجلی گھروں کا موثر آپریشن پیک آورز کے دوران پن بجلی کی اِس ریکارڈ ساز پیداوار کی بنیادی وجوہات ہیں ۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز پیک آورز کے دوران تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے نیشنل گرڈ کو 3331 میگاواٹ بجلی فراہم کی گئی ۔تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی گھر سے 1410 میگاواٹ جبکہ غازی بروتھا سے 1450 میگاواٹ ، نیلم جہلم ہائیڈل پاور سٹیشن سے 870 میگاواٹ اور منگلا ہائیڈل سٹیشن سے 915میگاواٹ بجلی مہیا کی گئی جبکہ باقی 781 میگاواٹ بجلی واپڈا کے دیگر پن بجلی گھروںسے مجموعی طور پر نیشنل گرڈ کو فراہم کی گئی ۔واپڈا کے پن بجلی گھروں کی تعداد 22ہے جن کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 389میگاواٹ ہے ۔ اِس وقت واپڈا دیا مر بھاشا ڈیم ، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور مہمند ڈیم کے تین بڑے منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن کی تکمیل پر واپڈا پن بجلی کی پیداوار ی صلاحیت میں مزید ساڑھے 9 ہزار میگاواٹ اضافہ ہو جائے گا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں