15ستمبرکو تعلیمی اداروں کو کن شرائط پر کھولا جائیگا؟این سی او سی اجلاس کے بعد اہم فیصلہ ہو گیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ سکول کھولنے کے بعد یومیہ کورونا مانیٹرنگ کی جائے گی، محکمہ صحت تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق ایڈوائزری جاری کرے گا، علامات والے طلباء، اساتذہ اور سکول سٹاف کی ٹیسٹنگ میں اضافہ مفید رہے گا۔ تفصیلات کے

مطابق آج جمعرات کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا ملک میں تعلیمی ادارے کھولنے پر یک نکاتی ایجنڈے پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔جس میں تمام تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود ، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، اعلیٰ سول وعسکری حکام اور آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے نمائندے بھی اجلاس میں ویڈیو لنک پرشریک ہوئے۔ اجلاس میں سکول یونیورسٹیز سمیت تعلیمی ادارے کھولنے پر مشاورت کی گئی۔شرکاء کو تعلیمی ادارے کھولنے کے بعد رسک اور چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔این سی اوسی حکام نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں کو حتمی فیصلے سے قبل کورونا ایس اوپیز اور پروٹوکولز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔اس کیلئے ٹریسنگ اور ٹیسٹنگ کی حکمت عملی پھیلاؤ روکنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ علامات والے بچوں، ٹیچرز اور سکول سٹاف کی ٹیسٹنگ میں اضافہ مفید رہے گا۔ تعلیمی ادارے کھولنے کے بعد این سی او سی اور وزارت صحت روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرے گی۔وزیر تعلیم شفقت محمود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کو کھولنا بنیادی چیلنج ہے۔ ہماری خواہش ہے کے تعلیمی ادارے 15 ستمبر کو ہی کھولیں۔ بین الصوبائی وزراء تعلیم اجلاس میں حتمی مشاورت ہوگی۔ صحت ایڈوائزری کی مشاورت کے بغیر سکول کھولنے پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کرسکتے۔ تعلیمی ادارے کھولنے کا حتمی فیصلہ7 ستمبر کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے اور ان پٹ کے بعد کیا جائیگا۔تعلیمی ادارے کھولنے کے لیے محکمہ صحت کے ساتھ ایڈوائزری بنائیں گے۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے ماسک، سماجی فاصلہ اور ایس او پیز پر عملدرآمد کے اقدامات یقینی بنائیں گے۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ آئی ٹی سسٹم بنایا جائے گا تاکہ ہیلتھ گائیڈ لائینز اور کورونا بچاؤ اقدامات کو مانیٹر کیا جاسکے۔اجلاس میں مختلف اداروں کی جانب سے فریقین کی جانب سے ہیلتھ گائیڈ لائینز پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close