ملک میں کئی دن مسلسل بارشوں کی پیشنگوئی ، الرٹ جاری کر دیا گیا

لاہور (پی این آئی) اگلے چند روز کے دوران طوفانی بارشیں ہونے کا امکان، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا، کئی علاقوں میں خطرناک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ، عوام کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق ایک ماہ سے زائد عرصے تک سندھ اور بلوچستان میں موسلادھار بارشیں

برسانے کے بعد اب مون سون بارشوں کے سلسلے نے پنجاب اور شمالی علاقہ جات کا رخ کر لیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشیں ہوئیں۔ کئی علاقوں میں اب بھی طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ آئندہ چند روز کے دوران مزید طوفانی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔اس صورتحال میں این ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ کئی علاقوں میں خطرناک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔آئندہ 24 گھںٹوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز خیبر پختونخوا ، پنجاب، خطہ پوٹھو ہار، اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اورکشمیر میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس دوران شمال مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر ،مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بارش ہوئی۔ واضح رہے کہ رواں سال ملک میں مون سون سیزن کے دوران 20 سے 30 فیصد زائد بارشیں ہونے کی پیشن گوئی کی گئی تھی۔ تاہم اب تک مون سون بارشوں کا زیادہ زور سندھ اور کسی حد تک بلوچستان تک رہا ہے۔ پنجاب اور شمالی علاقوں میں شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ رواں سال کے مون سون سیزن کا سب سے شدید سلسلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں