وزیر اعلی سندھ نے تینوں جماعتوں کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام کی تردید کر دی، اگر کوئی کمیٹی بنی تو صوبے اور وفاق کی ہو گی، وزیر اعلی کا موقف

کراچی(پی این آئی):وزیر اعلی سندھ نے تینوں جماعتوں کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام کی تردید کر دی، اگر کوئی کمیٹی بنی تو صوبے اور وفاق کی ہو گی، وزیر اعلی کا موقف، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی کی ایگزیکٹیو پاور کسی کے ساتھ شیئر نہیں ہو گی۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی مدد کرنے سے کبھی کسی کو منع نہیں کیا لیکن سندھ اسمبلی کی ایگزیکٹیو پاور کسی کے ساتھ شیئر نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اب تک کوئی کوآرڈینیشن کمیٹی نہیں بنی ہے اور کمیٹی بنے گی تو وہ وفاق اور صوبے کی ہو گی سیاسی جماعتوں کی نہیں ہو گی۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے تو کراچی میں کام کیا ہے جبکہ بارش سے ملک کے دیگر حصوں کی حالت زیادہ خراب ہوئی۔ ہم نے یکم جولائی سے ہی 38 نالوں پر کام شروع کر دیا تھا جبکہ این ڈی ایم اے نے بھی 3 نالوں کی صفائی کی ذمہ داری لی تھی۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاق میں کچھ لوگ غیر سنجیدہ ہیں سوچ سمجھ کر بات نہیں کرتے۔ ایک وقت تھا جب مجھے بلایا ہی نہیں جاتا تھا اب وفاق خود بات کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے سندھ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ہم سندھ کے ٹکڑے کرنے کی بات کرنے والوں کے خلاف کھڑے ہوں گے کیونکہ ایسے لوگ سندھ نہیں بلکہ پاکستان کے دشمن ہیں۔ سندھ کے اختیارات کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کرنے دیں گے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ این ڈی ایم اے وفاق کی اجازت کے بغیر کوئی کام نہیں کرسکتا اور سندھ حکومت کا مؤقف ہے کہ آئین کے مطابق کام کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close