پاکستان میں کورونا صورتحال بہتر نہیں ،کیسز دوبارہ بڑھنے کا خطرہ ہے،طبی ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

لاہور (پی این آئی) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا صورتحال بہتر نہیں ،کیسز دوبارہ بڑھنے کا خطرہ ہے، ماسک پہننے والے لوگوں کی تعداد 10فیصد سے بھی کم رہ گئی ہے،حکومت نے لوگوں کو تاثر دیا کہ ہم نے وائرس کو ہرا دیا ہے تو پھر اب لوگ ماسک کیوں پہنیں گے؟ ماہر وبائی امراض ڈاکٹر رانا جواد نے نجی ٹی

وی سے گفتگو میں کہا کہ کورونا صورتحال بہتر نہیں ہوئی، میں حکومتی اقدامات سے بالکل مطمئن نہیں ہوں، کہ صورتحال بہتر رہے گی۔میں ابھی بازار سے آیا ہوں، لوگوں نے ماسک بھی نہیں پہنے ہوئے ہیں۔ ماسک پہننے والے لوگوں کی تعداد 10فیصد سے بھی کم رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ کورونا کیسز کم ہوئے ہیں، لیکن یہ گارنٹی نہیں ہے کہ کیسز دوبارہ نہیں بڑھ سکتے۔انہوں نے کہا کہ میں شروع سے ہی واحد ایکسپرٹ تھا جو کہتا تھا کہ ہمارے ہاں زیادہ کیسز نہیں ہوں گے، اموات بھی اتنی زیادہ نہیں ہوں گی۔لیکن اب فکر ہے کہ کہیں ہم اپنی بے وقوفی اور لاعلمی کی بناء پر اس خطرے میں نہ ڈال دیں جو پہلے چھ مہینے میں ہم خطرے میں نہیں گئے۔ ہمیں ایک باقاعدہ طریقے اور آہستہ آہستہ لاک ڈاؤن ختم کرنا چاہیے تھا۔ کیونکہ لوگوں نے روٹی تو کمانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں کو تاثر دیا کہ ہم نے وائرس کو ہرا دیا ہے، اور ہم جیت چکے ہیں تو پھر لوگوں سے کہیں کہ ماسک پہنیں تو وہ کہتے ہیں وائرس تو ختم ہوگیا ہے اب ہم ماسک کیوں پہنیں؟ واضح رہے آج وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن کریں گے، ملٹی اسٹوری بلڈنگز یا کسی مخصوص محلے میں لاک ڈاؤن کریں گے، ان کیلئے گھر وں میں قرنطینہ کی پالیسی بنا رہے ہیں،پاکستان میں ابھی کورونا ختم نہیں ہوا، احتیاط کی ضرورت ہے، بل گیٹس اور وولکن بوزکر نے بھی پاکستان کی تعریف کی ۔انہوں نے کہا کہ امپیریل کالج کی رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں10اگست کو زیادہ اموات ہوں گی اور 78ہزار اموات ہوں گی، جو امپیریل نے کہا کہ اس کے مقابلے میں کل 15اموات ہوئیں، ہمارے لیے یہ پندرہ اموات بھی زیادہ اور افسوسناک ہیں، ہم کوئی فتح ڈکلیئر نہیں کررہے کورونا ابھی ختم نہیں ہوا، اس سے ہم ہاتھ پر ہاتھ رکھ نہیں بیٹھ سکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close