نیب میں عثمان بزدار کی طلبی پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ان سے ہمدردی ہو گئی، کسی صوبے کے چیف ایگزیکٹو کو ایسے طلب کرنا ٹھیک نہیں

کراچی: (پی این آئی) نیب میں عثمان بزدار کی طلبی پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ان سے ہمدردی ہو گئی، کسی صوبے کے چیف ایگزیکٹو کو ایسے طلب کرنا ٹھیک نہیں، مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو نیب کا نوٹس ملنے کا علم نہیں، تاہم کسی بھی صوبے کے چیف ایگزیٹو کو نیب میں بلانا مناسب نہیں

ہے۔کراچی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب کو چاہیے تھا کہ وہ خود وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے پاس جا کر ان سے سوال جواب کرتے۔یہ بات انہوں نے بارش کے دوران شہر کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے تمام نالوں پر ہونے والی تجاوزات سے واقف ہوں، یہ تجاوزات ہمارے حکومت میں آنے سے پہلے کی ہیں۔ نالوں پر زیادہ تر تجاوزات اجازت لے کر کی گئی ہیں۔انہوں نے تسلیم کیا کہ نالوں پر غیر قانونی پٹرول پمپس، دکانیں اور مکانات موجود ہیں۔ جہاں جہاں تجاوزات ہیں، ان کی لسٹ بنا کر پبلک کرینگے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کام کر رہی ہے۔ صوبائی وزرا سڑکوں پر موجود ہیں۔ میڈیا ہمارے اچھے کام بھی دکھائے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں کاروبار کھولنے کے حوالے سے ہفتے کو اجلاس طلب کیا ہے جس میں کاروبار کھولنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائیگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے لیکن ٹیسٹنگ کم ہو گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں