احتساب عدالت نے شریف گروپ آف کمپنیز کے مالیاتی امور کے اہم ترین ملزم کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا

اسلام آباد (پی این آئی)احتساب عدالت نے شریف گروپ آف کمپنیز کے سی ایف او محمد عثمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ۔احتساب عدالت میں شریف گروپ آف کمپنیز کے سی ایف او محمد عثمان کی درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے محمد عثمان کا جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا اور17

اگست تک نیب کے حوالے کر دیا۔ احتساب عدالت میں نیب کے پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں محمد عثمان کو گرفتارکیا گیا ،محمد عثمان کی گرفتاری ٹھوش شواہد کی بنیاد پر کی گئی ۔عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ ملزم کو بتایا گیا ہے کہ کس گراونڈپر گرفتارکیا گیا ؟نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کو باقاعدہ گرفتار کی وجوہات بتائی گئی تھیں۔عدالت نے محمد عثمان سے استفسار کیا کہ آپ کو کہاں سے گرفتارکیا گیا ؟محمد عثمان نے جواب دیا کہ ملتان روڈ پر جا رہاتھاکہ دو روز قبل نیب نے گرفتارکیا، رات کو نیب حکام نے گرفتاری کی وجوہات بتائیں ۔ محمد عثمان نے عدالت سے استدعا کی میں بلڈ پریشرکا مریض ہوں اس لیے مجھے گھر سے کھانے کی اجازت دی جائے ۔محمد عثمان کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ محمد عثمان چارٹرڈ اکاونٹنٹ ہیں اور بڑے قابل انسان ہیں ، محمد عثمان کو سیاسی بنیادوں پرگرفتارکیا گیاہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں