شربت کی ریڑھی پر کام کر کے اپنی والدہ اور چار بہن بھائیوں کی کفالت کا بوجھ اٹھانے والے شربت فروش ہونہار طالب علم نے امتحان میں نمایاں  پوزیشن حاصل کر لی ، وظیفہ مقرر ، تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان

ملتان (پی این آئی)میٹرک میں نمایاں نمبرز لینے والے غریب طالب علم حذیفہ کے لیے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی جانب سے وظیفے کا اعلان کردیا گیا۔حذیفہ نے گذشتہ سال میٹرک سائنس میں 95 فیصد نمبر حاصل کیے تھے، وہ پانچ سال سے شربت کے ٹھیلے پر کام کررہا ہے ، بیوہ ماں اور چار بہن بھائیوں کا واحد کفیل ہے،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے

وائس چانسلر نے ملتان کے محنت کش طالبعلم حذیفہ کے لیے وظیفے کا اعلان کردیا۔ پروفیسر اصغر زیدی کے مطابق یونیورسٹی فیس اور ہاسٹل کے اخرجات بھی برداشت کریگی۔ملتان کے طالب علم حذیفہ نے میٹرک میں 1100 میں سے 1050 نمبر حاصل کر کے ملتان بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کی تھی۔حذیفہ کے والد کا انتقال ہوچکا ہے اور وہ گذشتہ 5 سال سے شربت کی ریڑھی پر کام کر کے اپنی والدہ اور چار بہن بھائیوں کی کفالت کا بوجھ اٹھارہا ہے۔گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی کے مطابق حذیفہ جیسے بچے دیگر طلبہ کے لیے رول ماڈل ہیں، تعلیم کے معاملے میں ہر طرح کی سپورٹ کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز ملتان کے ایک تاجر نے بھی حذیفہ کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں