کوروناوائرس کیخلاف جنگ، امریکا نے پاکستان کو کتنے وینٹی لیٹرز بھجوا دیئے ؟ بڑی مدد پہنچ گئی

اسلام آباد (پی این آئی) امریکہ کی جانب سے پاکستان کو مزید ایک سو وینٹیلیٹرز فراہم کر دیئے گئے۔ پاکستان میں امریکہ کے سفیر پال ڈبلیو جونز نے وینٹیلیٹرز کی دوسری کھیپ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے حوالہ کی۔ جمعرات کو وینٹیلیٹرز کی حوالگی کی تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ہماری یہاں موجودگی مل کر کام کرنے کے جذبہ کی عکاسی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی وبا کے خطرات سے مکمل طور پر آگاہ ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کو ملک میں کورونا وائرس کی وبا کو کنٹرول کرنے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے نظام کو بہتر بنایا ہے، حکومت کے عزم کی وجہ سے ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو ایک لاکھ روزانہ پر لے گئے ہیں، ہسپتالوں اور قرنطینہ سینٹرز کی صلاحیت کو بھی بڑھایا ہے۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ یہ امریکی حکومت کے تعاون سے موصول ہونے والی وینٹیلیٹرز کی دوسری کھیپ ہے، اس سے پاکستان کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ امریکی حکومت ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی تربیت فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان اور این ڈی ایم اے کی جانب سے دوستی کی علامت کو وصول کرتے ہوئے شکریہ ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر امریکی سفیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ صدر ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان نے مل کر کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وینٹیلیٹرز کی دوسری کھیپ ہے، پہلی کھیپ کراچی میں دی گئی تھی جس کو ہسپتالوں میں منتقل بھی کیا جاچکا ہے۔ یہوینٹیلیٹرنمونیہ اور سانس کی بیماریوں میں بھی مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان اور امریکہ کی شراکت داری ایک مثال ہے، پاکستانی میڈیکل سٹاف کو ان کے استعمال کی تربیت بھی دی جائے گی، ہم صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی جدید بنارہے ہیں۔ امریکی سفیر نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے، ہم مل کر اس وبا کو شکست دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں