پاکستان میں کورونا وائرس کی شدت میں کمی، کونسے 19اضلاع کورونا فری قرار دیدیئے گئے ؟شاندار تفصیلات آگئیں

لاہور(پی این آئی) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدنے گورنمنٹ خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ میں بائیوسیفٹی لیول تھری لیبارٹری کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیرعثمان ڈار ، عمرڈار، صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق ،ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود بشیر

اور پرنسپل خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے لیول تھری لیبارٹری کے افتتاح کے بعد دعا کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب کے 19اضلاع کورونا فری ہوگئے ہیں۔ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کوروناوائرس کا ایک بھی مریض سامنے نہیں آیا۔صوبے میں بتدریج کورونا کیس کم ہو رہے ہیں۔ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کی محنت کی وجہ سے آج سیالکوٹ میں کورونا وائرس کے کیسز کم جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔آج خواجہ صفدر میڈیکل کالج میں بین الاقوامی معیار کی بی ایس ایل لیول تھری لیب کا افتتاح کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزید کہاکہ لیب کے افتتاح کے بعدسیالکوٹ کی عوام کوتشخیصی ٹیسٹوں کیلئے کسی دوسری لیب پر انحصار نہیں کرنا ہوگا۔سیالکوٹ میں 200بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا پی سی ون منظور ہوچکا ہے۔اگلے ڈیڑھ ماہ بعد مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی گرائونڈ بریکنگ کی جائے گی۔مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال سیالکوٹ ساڑھے چار ارب روپے کا منصوبہ ہے۔مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے پہلے فیز کی رقم جاری کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی اولین ترجیحات میں صحت کے شعبہ میں بہتری سرفہرست ہے۔وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانے پر زور دیا تھا۔اسی ویژن کے تحت پنجاب کے مختلف شہروں میں سات سٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈ ہسپتالوں کی تعمیر کا آغازرواںسال میں ہو جائے گا۔لاہور اور میانوالی میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوںکی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے۔مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کی تعمیر میں وفاقی حکومت کی جانب سے بہت بڑی معاونت سامنے آ رہی ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشدنے کہاکہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال جان بوجھ کرنظرانداز کئے جانے والے اضلاع میں تعمیر کئے جا رہے ہیں۔مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال راجن پور، بہاولپور، لیہ، اٹک، میانوالی، سیالکوٹ اور لاہور میں بنائے جا رہے ہیں۔ان اضلاع میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کی تعمیر کا منصوبہ بہت ضروری تھا۔انہوں نے کہاکہ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوںمیں مریضوں کو بین الاقوامی سطح کی طبی سہولت فراہم کرنا ہمارا خواب ہے۔صوبائی وزیر نے سیالکوٹ کی عوام کو صحت کے شعبہ میں آسانیاں پیدا کرنے پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close