پارلیمنٹ کے انتخابات اس سال 10نومبر کو ہوں گے، مشرق وسطی کے ملک کا شاہی فرمان جاری

اردن (پی این آئی) اردن میں پارلیمانی انتخابات اس سال10 نومبر کو ہوں گے۔اردنی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایوان شاہی نے پارلیمانی انتخابات کے انعقاد بارے فرمان قانونی ضوابط کے عین مطابق جاری کیا ہے۔ اردنی قانون کے تحت شاہی فرمان کے اجرا کے دس روز کے اندر الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ متعین کرنے کا

پابند ہوتا ہے۔سکائی نیوز کے مطابق کمشنری کونسل کے سربراہ احمد الکلالد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام حفاظتی انتظامات کرلیے۔ پارلیمانی انتخابات کی تاریخ، قانون اور آئین کی پابندی کرتے ہوئے مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کورونا وبا کے ماحول میں حفظان صحت کے ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے انتخابات کرائے گا، ووٹنگ اورگنتی کا کام فاصلے سے انجام دیا جائے گا جبکہ آگہی لٹریچر آن لائن پیش کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جس قانون کے تحت 2016 ءمیں پارلیمانی انتخابات ہوئے تھے نئے انتخابات بھی اسی کے مطابق ہوں گے۔ واضح رہے کہ اردن میں 18 ویں پارلیمانی انتخابات 20 ستمبر 2016ءکو ہوئے تھے، پارلیمنٹ نے 28 ستمبر 2016ءسے آئینی مدت شروع کردی تھی جو اب ختم ہونے والی ہے۔ اس سال 27 ستمبر کو پارلیمنٹ کی آئینی مدت ختم ہوجائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close