وفاق نے سندھ حکومت سے مولانا فضل الرحمان کے ڈپٹی کمشنر بھائی کی خدمات واپس لے لیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے کہاں رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا؟

اسلام آباد(پی این آئی): وفاق نے سندھ حکومت سے ضیاالرحمان کی خدمات واپس لے لی ہیں اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے خدمات واپس لینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاالرحمان کو خیبرپختونخوا حکومت کو رپورٹ کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔تین روز قبل جمعیت علمائے اسلام ف کے

سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان کو کراچی کے ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر تعینات کیا گیا تھا۔ضیا الرحمان کی خدمات خیبر پختونخوا سے ڈیپوٹیشن پر حاصل کی گئی تھیں۔ حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے سندھ حکومت سے ضیا الرحمان کی تعیناتی اور ڈیپوٹیشن کو فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر کنورنوید جمیل نے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ کر ضیاالرحمان کی ڈی سی سینٹرل کے طور تعیناتی پر اعتراضات اٹھائے تھے۔خط کے متن میں شامل تھا کہ ضیا الرحمان کی ڈی سی سینٹرل تعیناتی سپریم کورٹ احکامات کی خلاف ورزی ہے۔سندھ میں جعلی ڈومیسائل کا معاملہ پہلے ہی ایم کیو ایم اٹھاچکی ہے، صوبے بھر میں افسران کی غیرقانونی ترقیوں کو بھی ختم کیا جائے۔ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا تھا کہ صوبے بھر میں میرٹ سے ہٹ کر سرکاری عہدوں پر تعیناتیاں بھی ہیں، سرکاری محکموں میں غیرقانونی ترقیوں کو بھی فوری منسوخ کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close