حکومت نے عید سے قبل بازار بند کرنے پر غور شروع کر دیا، کتنے دن مارکیٹیں بند رہیں گی؟بڑی خبر آگئی

لاہور (پی این آئی) نہ چاند رات کا رونقیں لگیں گی، نہ ریسٹورانوں سے قربانی کے گوشت کے پکوان بنوائے جاسکیں گے، پنجاب حکومت نے منگل یا بدھ سے مارکیٹیں اور بازار بند کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا، تفصیلات کے مطابق کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور زیادہ کیسز سے بچنے کیلئے پنجاب حکومت

نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مارکیٹیں اور بازار بند کرنے کی تجویز پر غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت سوچ رہی ہے کہ منگل یا بدھ سے مارکیٹیں اور بازار بند کردیے جائیں اور انہیں 2اگست تک بند رکھا جائے تاکہ لوگ کم سے کم باہر نکلیں اور کورونا کا خطرہ کم ہوجائے۔ اس دوران صرف پرچون کی دکانیں اور بیکریاں کھلیں گی جبکہ میڈکل سٹورز اور فارمیسیوں کو بھی کاروبار جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔اس کے علاوہ پنجاب حکومت نےعید الاضحیٰ پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت اجلاس ہوا،جس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری پرائمری ہیلتھ محمد عثمان کمشنر لاہور،‏ڈی آئی جی آپریشنز اور سیکریٹری بلدیات نے بھی شرکت کی ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے کورونا کی روک تھام کیلئے عید الاضحیٰ کے موقع پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ اضلاع میں مویشی منڈیوں کے اوقات کار بڑھانے کا اختیار ڈپٹی کمشنرز کو تفویض کردیا گیا۔اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ حکومت کیلئے انسانی جانوں کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے، عید الاضحیٰ پر بازاروں میں خریداری کی سرگرمیوں سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے، جس پرصوبائی حکومت نے مفاد عامہ میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close