پولیس اہلکاروں کو تھپڑ مارنے والی سرکاری ٹی وی کی میزبان خاتون کے خلاف میں مقدمہ درج، خاتون صحافی زمان ٹاؤن تھانے میں آئی کیوں تھی؟

کراچی(پی این آئی)کراچی میں پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے، گالیاں دینے اور دھمکیاں دینے کے خلاف سرکاری ٹی وی چینل کی میزبان کے خلاف زمان ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا، خاتون صحافی اپنے ساتھ ہونے والی لوٹ مار کا مقدمہ درج کرانے تھانے آئی تھیں۔پولیس کے مطابق خاتون صحافی 24جولائی کی

رات 1بجے کے بعد تھانے آئی تو انہوں نے گاڑی تھانے کے اندر پارک کرنا چاہی، گیٹ پرموجود اہلکار کے منع کرنے پر خاتون صحافی نے اپنا میڈیا کا تعارف کراتے ہوئے اندر جانے کی ضد کی اور منع کرنے پر اہلکار کی وردی پکڑی ،اسے تھپڑ مارا اور اسے گالیاں دیں اور دھمکیاں بھی دیں۔متاثرہ اہلکار نے خاتون کی بدسلوکی کیخلاف ایس پی لانڈھی کو درخواست دی، تحقیقات میں خاتون پر پولیس اہلکار کی وردی پکڑنے،گالیاں اور دھمکیاں دینا ثابت ہوا جس پر خاتون صحافی کے خلاف اہلکار جنید کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔دوسری جانب خاتون کی مدعیت میں نامعلوم 2ملزمان کے خلاف لوٹ مار کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق خاتون صحافی نے بتایا کہ کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب ان کی گاڑی کے شیشے پر پتھر آکر لگا جب انہوں نے گاڑی روکی تو دو نامعلوم ملزمان ان سے نقد رقم موبائل فون اور اے ٹی ایم کارڈ چھین کر فرار ہوگئے۔خیال رہے کہ خاتون کی جانب سے پولیس اہلکار سے بدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھی جس میں اہلکار خاتون صحافی پر ہاتھ اٹھانے اور گالیاں دینے کا الزام لگارہا ہے جس کے بعد ایس ایس پی کورنگی نے ایس پی لانڈھی کو واقعہ کی انکوائری کرنے کا حکم دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close