ٹائیگر فورس کی شہرت چین تک پہنچ گئی، ٹائیگر فورس کی تشکیل کی معلومات کے لئے چائنہ یوتھ فیڈریشن کا پاکستانی حکام کو خط،

اسلام آباد(پی این آئی)ٹائیگر فورس کی شہرت چین تک پہنچ گئی، ٹائیگر فورس کی تشکیل کی معلومات کے لئے چائنہ یوتھ فیڈریشن کا پاکستانی حکام کو خط، وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بنائی گئی ٹائیگرز فورس کی عالمی سطح پر پذیرائی ہونے لگی ہے، چین تک بھی اس کی گونج پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق

چین نے ٹائیگرز فورس قائم کرنے کے اقدام کی تعریف کر دی ہے، اور پاکستان سے درخواست کی ہے کہ ٹائیگرز فورس سے متعلق معلومات اور تجربے کا تبادلہ کیا جائے۔اس سلسلے میں آل چائنا یوتھ فیڈریشن کے عہدے داران نے پاکستانی حکام کو ایک خط بھیجا ہے جس میں رضاکاروں پر مشتمل ٹائیگرز فورس پر آپریشنل تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ عثمان ڈار کی سربراہی میں کرونا وبا سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کی فورس بنائی گئی ہے، پاکستان میں اس فورس کے اقدامات کو عوام اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، چائینز یوتھ بھی پاکستان کی ٹائیگرز فورس کے تجربے سے سیکھنے کی خواہش مند ہے۔ چین کو بھی کرونا وبا کے باعث معاشی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے چین وبائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹائیگرز فورس کے تجربات سے سیکھنا چاہتا ہے، پاکستان ٹائیگرز فورس سے متعلق ضروری معلومات فراہم کرے تو شکر گزار ہوں گے۔خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ چین ٹائیگرز فورس کے مثبت اقدام کی اپنے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر تشہیر کے لیے تیار ہے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے خط پر رد عمل میں کہا ہے کہ خوشی ہے وزیر اعظم کے اقدام کی عالمی سطح پر تعریف ہو رہی ہے، ٹائیگرز فورس کے قیام کا فیصلہ زمینی حقائق اور دور اندیشی پر مبنی تھا، ہم خط کا جائزہ لے رہے ہیں، وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد اس کا جواب دیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین میں یوتھ ایکسچینج پروگرام پر کام پہلے سے جاری ہے، دونوں ممالک میں نوجوانوں کی تربیت سے متعلق معلومات کا تبادلہ ضروری ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close