انتخابات سے قبل بڑی کامیابی، تحریک انصاف میں دو سابق وزرا کی شمولیت۔۔۔حکمران جماعت نے بڑی وکٹیں اڑا لیں

اسلام آباد(پی این آئی) دو سابق وزراء نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق انتخابات سے قبل پی ٹی آئی کی صفوں میں گلگت بلتستان میں اہم سیاسی پیش رفت ہوئی ہے۔سابق وزیر صحت حاجی گلبر خان اور سابق وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حیدر خان نے پاکستان تحریک انصاف میں

شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔گلگت بلتستان کی نامور سیاسی و سماجی شخصیات حاجی گلبر خان اور حیدر خان نےچیف آرگنائزر سیف الله خان نیازی سے ملاقات کی اور وزیراعظم عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔بتایا گیا کہ حاجی گلبر خان اور حیدر خان نے چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف الله خان نیازی سے اسلام آباد میں ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نظام کی تبدیلی کا جامع پروگرام دیا اور نہایت کامیابی سے اس پر عمل پیرا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے انسداد، عوام کی بہبود اور ملکی وسائل کی ترقی کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا وژن نہایت پرکشش ہے جس میں گلگت بلتستان کے عوام اپنا روشن مستقبل دیکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور پاکستان تحریک انصاف کے منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے چنانچہ تحریک انصاف کے آئین کے تابع رہتے ہوئے وزیراعظم کے پیغام کی ترویج اور جماعت کو منظم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ حاجی گلبر خان اور حیدر خان کی پارٹی میں شمولیت کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف الله خان نیازی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان بیش قیمت قدرتی و انسانی وسائل کا حامل خطہ ہے تاہم محرومیوں کی دلدل میں گھرا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کا جامع پروگرام رکھتی ہے جسے بروئے کار لائیں گے اور عوام کو اسکے ثمرات میں کلیدی شراکت دار بنائیں گے۔ سیف اللہ خان نیازی کے مطابق تحریک انصاف گلگت بلتستان میں مقبول ترین سیاسی جماعت کے طور پر اپنے قدم جما چکی ہے چنانچہ بہترین حکمت عملی اور عوام کی والہانہ حمایت سے انتخاب میں واحد اکثریتی جماعت بن کرابھریں گے اور حکومت قائم کریں گے،

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں