کویت(پی این آئی)امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح اپنے علاج کیلئے آج امریکہ روانہ ہوگئے، ولی عہد کو قائم مقام حکمراں مقرر کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح اپنا علاج امریکہ میں مکمل کرائیں گے، آج بروز جمعرات کی صبح کویت سے امریکہ کے لیے روانہ ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق کویت میں ایوان شاہی کے وزیر شیخ علی جراح الصباح نے بتایا ہے کہ طبی ٹیم کے مشورے پر امیر کویت اپنا علاج امریکہ میں مکمل کرائیں گے۔ معالجین نے کامیاب آپریشن کے بعد انہیں امریکہ میں زیر علآج رہنے کا مشورہ دیا ہے، کویت کے شاہی خاندان، وزراء اور اعلی عہدیداروں نے امیر کویت کی مکمل صحت یابی کے لیے دعائیں کی ہیں۔ذرائع کے مطابق امیر کویت کی غیر موجودگی میں قانون کے تحت ولی عہد کو قائم مقام حکمراں مقرر کیا گیا ہے۔کویتی خبررساں ادارے کے مطابق91 سالہ امیر کویت کا اتوار کو کامیاب آپریشن ہوگیا تھا۔آپریشن کی کامیابی پر پر سعودی عرب سے شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برادر ملکوں کے رہنماؤں نے انہیں مبارکباد پیش کی تھی۔یاد رہے کہ امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح گزشتہ سال دورہ امریکہ کے موقع پر اسپتال میں داخل ہوئے تھے اور ان کے طبی معائنے ہوئے تھے، اکتوبر 2019میں وہ وطن واپس آگئے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں