کورونا وائرس کے وار جاری ، وہ واحد خلیجی ملک جس نے عید کے دنوں میں سخت ترین لاک ڈائون نافذ کرنے کا اعلان کر دیا

عمان (پی این آئی) کورونا وائر س کی وجہ سے عمان نے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کورونا کو کنٹرول کرنے لئے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن 25 جولائی سے 8 اگست تک جاری رہے گا جس میں عید الاضحیٰ کی

چھٹیاں بھی شامل ہیں۔ لاک ڈاؤن میں تمام عوامی مقامات کو بند کر دیا جائے گا جبکہ ضروری اشیاء کی دکانیں بھی شام 7 سے بچے سے صبح 6 بجے تک بند رہیں گی۔اس حوالے سے مزید بتایا گیاہے کہ شہریوں کو کسی قسم کے اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی نماز کی اجازت نہیں ہو گی۔ خیال رہے کہ پوری دنیا کی طرح کورونا وائرس نے عمان میں بھی اپنے قدم جما لئے ہیں۔اب تک عمان میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 68 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 326 افراد کورونا کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔وزارت صحت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں اور رہ نما ہدایات کے مطابق سماجی دوری اختیار کریں۔دوسری جانب عمانی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ عمان میں مقیم افراد کورونا کے علاج کے اشتہاروں پر توجہ نہ دیں کیونکہ بہت سے جعلساز اور فراڈیئے کورونا کے علاج کے نام پر لوگوں کی لُوٹ مار کر رہے ہیں۔رائل عمان پولیس (آر او پی) نے اپنے پیغام میں شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کوویڈ 19کے علاج معالجے کی فراہمی کا دعویٰ کرنے والے اشتہارات پر ہرگز دھیان نہ دیں ۔ یہ بات رائل عمان پولیس نے اپنے ایک آن لائن جاری بیان میں کہی۔آر او پی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل انکوائریز اینڈ انویسٹی گیشن نے مختلف ذرائع ابلاغ اور اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایسے اشتہارات جو کورونا وائرس کے علاج سے متعلق ہیں عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان پر یقین نہ کریں۔کیونکہ مختلف طریقوں سے کورونا وائرس کے علاج کا دعویٰ کرنے والے عوام کو گمراہ کررہے ہیں، لہٰذا شہری ایسے جعل سازوں اور دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں اور احتیاط سے کام لیتے ہوئے ان اشتہارات پر کوئی دھیان نہ دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close