جی ٹی روڈ کے اطراف میں پٹرول پمپ لگانے والوں کی شامت، سپریم کورٹ نے لیز کی تفصیلات طلب کر لیں، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی ذاتی طور پر طلب

اسلام آباد: (پی این آئی)جی ٹی روڈ کے اطراف میں پٹرول پمپ لگانے والوں کی شامت، سپریم کورٹ نے لیز کی تفصیلات طلب کر لیں، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی ذاتی طور پر طلب، سپریم کورٹ نے پٹرول پمپس کی لیز سے متعلق ازخود نوٹس کیس میں ملک بھر میں جی ٹی روڈز کے اطراف دی گئی لیز کی تفصیلات

طلب کر لیں۔ عدالت نے چیئرمین این ایچ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم بھی دے دیا۔عدالت نے پٹرول پمپس، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو دی گئی زمین کی تفصیلات اور کس کو کن شرائط پر اور کب سے لیز دی گئی ہے اس کا تمام ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ جی ٹی روڈ، این ایچ اے کی ملکیت نہیں۔ این ایچ اے زمین کا مالک نہیں تو لیز پر کیسے دے سکتا ہے۔ عدالت نے این ایچ اے کی جانب سے جاری تمام لائسنسوں کی تفصیلات بھی طلب کی ہے۔دوران سماعت جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ این ایچ اے کے قواعد قانون کیخلاف ہوئے تو کالعدم ہو جائیں گے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل اورایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close