آگ کا غصہ 19 گھنٹے کے بعد ٹھنڈا ہو گیا، کراچی کی تین فیکٹریوں کی آگ دوسرے دن بجھا دی گئی

کراچی (پی این آئی)آگ کا غصہ 19 گھنٹے کے بعد ٹھنڈا ہو گیا، کراچی کی تین فیکٹریوں کی آگ دوسرے دن بجھا دی گئی، کراچی کے علاقے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں ہولناک آتشزگی نے 3 فیکٹریوں اور کروڑوں روپے مالیت کے سامان کو خاکستر کر دیا، 19 گھنٹوں بعد آگ پر قابو پالیا گیا جبکہ دو عمارتوں کو

مخدوش قرار دیا گیا ہے۔لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ یونٹ میں گزشتہ شام ساڑھے 5 بجے کے قریب آگ لگی، آگ ابتدائی طور پر گتے کی فیکٹری میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ساتھ موجود گارمنٹس اور پلاسٹک کی فیکٹری کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ آگ کی اطلاع ملتے ہی گاڑیاں روانہ کردی گئی تھیں تاہم عمارتیں کمزور ہونے کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ترجمان ایکسپورٹ پراسیسنگ زون نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم کروڈوں روپے مالیت کا سامان جل گیا ہے۔فائربریگیڈ حکام کا کہنا تھا کہ 15فائر ٹینڈر ایک اسنارکل اور 10 واٹر باوزر کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا جبکہ کولنگ کا عمل رات تک مکمل کر لیا جائے گا۔فائر آفیسر کا کہنا تھا کہ فیکٹریوں میں آگ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں