پانی میں ڈوبے کراچی شہر کے ساتھ مون سون اگلے 24 گھنٹے میں کیا سلوک کرے گا؟ برسات کی شدت کل جیسی یا کچھ اور؟ محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کر دیا

کراچی(پی این آئی)پانی میں ڈوبے کراچی شہر کے ساتھ مون سون اگلے 24 گھنٹے میں کیا سلوک کرے گا؟ برسات کی شدت کل جیسی یا کچھ اور؟ محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبردار کر دیا.کراچی میں آج بھی بارش ہوگی، محکمۂ موسمیات نے خبردار کر دیا ہے کہ کراچی میں آج بھی بادل جم کر برسیں گے۔محکمۂ

موسمیات کا پیش گوئی کرتے ہوئے کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم بحیرۂ عرب کے شمال میں موجود ہے، جس سے آج رات تک وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق مون سون کی بارش برسانے والا سسٹم کراچی کے جنوب مغرب میں سمندر میں موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ سسٹم اومان کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے تحت آج دوپہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ بارش کی شدت کل جیسی ہونے کا امکان نہیں، شہرِ قائد میں آج رات تک بارش ہو سکتی ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں شمال مشرق کی جانب سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔کراچی میں گزشتہ روز بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے پولیس اہل کار سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے، کانسٹیبل ارشد علی ابراہیم حیدری واٹر پمپ پر ڈیوٹی کے دوران اور دوسرا شخص کلفٹن میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا۔پی آئی بی کالونی میں بارش کے دوران 2 بچے کھلے گٹر میں گر گئے، خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے، بچوں کے گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔گزشتہ روز کی بارش نے شہر میں جل تھل ایک کر دیا، جس سے اہم سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہو گیا ہے۔پی ای سی ایچ ایس اور ڈیفنس کے متعدد علاقوں میں برساتی پانی کا نکاس نہ ہونے کے باعث پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ڈیفنس کی خیابانِ شہباز سمیت کئی علاقوں میں چار چار فٹ تک پانی جمع ہو گیا، گھر وں میں پانی داخل ہونے سے قیمتی سامان کو نقصان پہنچا، اب بھی ڈی ایچ اے کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہے۔بارش کے بعد کراچی کے سب سے بڑے جناح اسپتال میں جمع پانی نکال دیا گیا ہے، کئی کئی فٹ پانی سے مریضوں کو مشکلات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو حکومتِ سندھ حرکت میں آئی۔وزیرِ بلدیات ناصر حسین شاہ نے جناح اسپتال سمیت مختلف مقامات، انڈر پاسز کا دورہ کیا اور نکاسیٔ آب کے کام کا جائزہ لیا۔شہر میں گزشتہ روز کی بارش کے بعد پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 کی گلستانِ ظفر سوسائٹی میں کئی فٹ پانی سےشہریوں کو پریشانی لاحق ہے۔اولڈ سٹی ایریا، کھارادر اور قائدِ اعظم محمد علی جناح کی جائے پیدائش وزیر مینشن کے اطراف سے بھی پانی نہیں نکالا جا سکا۔بارش کے بعد کراچی کے بڑے حصے کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوئی، بعض علاقوں میں اب تک بجلی بحال نہ ہو سکی، شہریوں نے رات پریشان میں گزاری۔کلفٹن بلاک 5 میں گزشتہ روز سہ پہر سے بجلی غائب ہے، منظور کالونی، جونیجو ٹاؤن، ڈیفنس ویو میں بارش کے بعد شروع ہونے والی بجلی کی آنکھ مچولی اب تک جاری ہے۔ملیر ہالٹ، رفاہِ عام، نارتھ کراچی، گلشنِ اقبال اور دیگر علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close