ن لیگ نے جو گڑھا تحریک انصاف کے لیے کھودا آج خود اس میں گر گئی لیگی سکروٹنی کمیٹی کے سامنے ہاتھ کھڑے کر دیئے ، کون ، کون فنڈز دیتا رہا ؟ بڑا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) غیرملکی پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے سکروٹنی کمیٹی نے مسلم لیگ (ن)کو دوبارہ چوبیس جولائی کو طلب کرلیا ۔الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن )کی غیرملکی پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔مسلم لیگ ن کے وکیل جہانگیر جدون اور درخواستگزار رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے۔

سکروٹنی کمیٹی نے مسلم لیگ ن کو دوبارہ 24 جولائی کو طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے سکروٹنی کمیٹی کی کارروائی جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔مسلم لیگ (ن) کے وکیل جہانگیر جدون نے موقف اختیار کیا کہ تمام ریکاڑد اور اکاونٹس کی تفصیلات جمع کرا چکے ہیں،الیکشن کمیشن کے ٹی او آرز کے مطابق کارروائی مکمل کی جائے۔پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی پارٹی فنڈنگ کی تحقیقات کی درخواست دائر کی تھی۔تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ ن سکروٹنی کمیٹی کے سامنے ہاتھ کھڑے کر چکی ہے،مسلم لیگ ن کے پاس باہر سے آنے والے پیسوں کا حساب نہیں،مسلم لیگ ن والے باہر سے پیسے بھیجنے والوں کے شناختی کارڈز کی کاپیاں جمع کرانے سے قاصر ہیں،الیکشن کمیشن نے اپنے قوانین کے تحت دیکھنا ہے کہ یہ لیگل منی ہے ،چرس بیچنے والے،ٹھیکے لینے والوں نے مسلم لیگ ن کو فنڈز دئیے،ن لیگ نے جو گڑھا تحریک انصاف کے لیے کھودا آج خود اس میں گررہی ہے،سکروٹنی کمیٹی سٹیٹ بینک سے ن لیگ کے اکاونٹس کی تفصیلات طلب کرے گی۔ وکیل مسلم لیگ (ن ) جہانگیر جدون نے کہاکہ سکروٹنی کمیٹی میں تمام پارٹی کے آڈیٹڈ فنڈز جمع کرائے ہیں،سکروٹنی کمیٹی پارٹی فنڈز کی جس بینک سے چاہے معلومات حاصل کر لے،ہم نے پارٹی فنڈز کی تمام تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں،مسلم لیگ ن کو ممنوعہ ذرائع سے کوئی فنڈنگ نہیں کی گئی،تحریک انصاف کے لوگ سکروٹنی کمیٹی کی کاروائی میں خلل ڈال رہے ہیں،تحریک انصاف کے لوگ نہیں چاہتے کہ سکروٹنی کمیٹی حتمی فیصلے تک پہنچے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں